جاپان: ٹیکسی ڈرائیور پر 50 خواتین سے زیادتی کا الزام، 3,000 ویڈیوز برآمد
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
ٹوکیو: جاپان میں پولیس نے ایک سابق ٹیکسی ڈرائیور کو نشہ آور دوا دے کر خواتین سے زیادتی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس شخص کے قبضے سے تقریباً 3,000 ویڈیوز اور تصاویر ملی ہیں، جن میں وہ مبینہ طور پر 50 سے زائد خواتین پر جنسی حملے کرتا دکھائی دیتا ہے۔
پولیس کے مطابق، 54 سالہ ملزم نے گزشتہ سال ایک 20 سالہ خاتون کو نیند کی گولیاں دے کر بے ہوش کیا، پھر اسے اپنے گھر لے گیا اور غیر اخلاقی حرکتیں کر کے ان کی ویڈیو بھی بنائی۔
پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کی تصدیق متاثرہ خاتون کے بالوں میں سلیپنگ پلز کی موجودگی سے ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیوز اور تصاویر کا ریکارڈ 2008 سے موجود ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ جرم کئی سالوں سے جاری تھا۔
ملزم کو اکتوبر 2024 میں ایک اور خاتون کو نشہ دے کر 40,000 ین (تقریباً 280 امریکی ڈالر) کی رقم چرانے کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، لیکن بعد میں چھوڑ دیا گیا۔ اسے دسمبر میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا، اور اب اسے ایک نئے مقدمے میں دوبارہ حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم پر غیر رضامندانہ جنسی عمل اور جنسی مواد کی غیر قانونی فلم بندی کے قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، ڈبل کیبن کی موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر کی فوٹیج سامنے آگئی، ظفر عباس کا ڈرائیور گرفتار
کراچی: شہر قائد کے علاقے انچولی کے قریب ڈبل کیبن کی ٹکر سے نوجوانوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا
ایکسپریس نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈبل کیبن سڑک پر غلط سمت (رانگ وے) آرہی ہے اور اسی دوران ڈرائیور تیز رفتاری میں دوسری سڑک پر جانے کی کوشش کی تو موٹرسائیکل سوار گاڑی سے ٹکرائے اور اچھل کر دور فٹ پاتھ پر گرے۔
ویگو کے پیچھے بھی دو سیکیورٹی اہلکار بھی بیٹھے ہوئے تھے جبکہ حادثے کو دیکھ کر ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی تاہم واقعے کے بعد سڑک پر دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔
ڈبل کیبن گاڑی کے رانگ سائیڈ جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور مسلح گارڈز سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔
دوسری جانب ضلع وسطی کی پولیس نے جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جس کا بیان قلمبند کیا جارہا ہے۔
گزشتہ شب حادثے کے بعد ظفر عباس نے دعویٰ کیا تھا کہ موٹرسائیکل سوار اسپیڈ میں اور بغیر لائٹ کے آرہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج کے بعد اُن کا یہ بیان بھی غلط ثابت ہوگیا۔
واقعے کے کچھ دیر بعد ظفر عباس نے جائے وقوعہ پہنچ کر زخمیوں عبدالاحد اور نعیم کو فیڈرل بی ایریا کے نجی اسپتال منتقل کروایا اور پھر انہیں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کروادیا جہاں دونوں کا علاج جاری ہے اور ایک زخمی نوجوان موت و زندگی کی کشمکش میں وینٹی لیٹر پر ہے۔
ظفر عباس نے اعلان کیا ہے کہ وہ زخمیوں کے علاج و معالجے میں آنے والے تمام اخراجات خود ادا کریں گے۔