کویت نے پاکستانیوں کیلئے ویزے کھول دیئے
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2025ء ) خلیجی ملک کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے دوبارہ کھول دیئے، جس کے نتیجے میں، پاکستانی شہریوں کو مختلف ویزوں کی منظوری ملنا شروع ہو گئی، پاکستان 1 ہزار 200 نرسوں کو کویت بھیجے گا جس کے تحت صحت کی دیکھ بھال کو فروغ دیا جائے گا۔ گلف نیوز کے مطابق کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے اعلان کیا ہے کہ کویت کی حکومت نے دو طرفہ تعلقات کو تقویت دینے اور خلیجی ملک کو درکار لیبر کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر پاکستانی شہریوں کو وسیع پیمانے پر ویزوں کا اجراء باضابطہ طور پر دوبارہ شروع کر دیا ہے، 1 ہزار 200 پاکستانی نرسوں کو کویت میں شعبہ صحت میں لانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے کیوں کہ اس شعبے میں کویت کو بڑھتی ہوئی طلب کا سامنا ہے، اس سلسلے میں 125 نرسوں کا ایک ابتدائی گروپ گزشتہ ہفتے آنے والا تھا لیکن رہائش کے چیلنجوں کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، خصوصی ٹیمیں فعال طور پر اس مسئلے کو حل کر رہی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں آنے والے دنوں میں نرسیں آئیں گی۔
(جاری ہے)
بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ مئی سے پاکستانی شہریوں نے مختلف ویزوں کے لیے منظوری حاصل کرنا شروع کر دی ہے، جن میں کام، فیملی وزٹ، ٹورسٹ اور تجارتی زمرے شامل ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفر اور ملازمت کے لیے ایک اہم چینل بحال ہو گیا ہے، ڈاکٹر اقبال نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان اور کویت مزدوروں کی نقل و حرکت اور تعاون کو ہموار کرنے کے لیے ایک نئے لیبر مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کے آخری مراحل میں ہیں، جس کی کچھ دفعات پر باقاعدہ دستخط سے پہلے ہی عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کی جدید ریاستوں سے پہلے کے ہیں، ابتدائی اقتصادی ہجرت سے لے کر 1960ء اور 70 کی دہائیوں میں کویت کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل میں پاکستانی انجینئرز اور ورکرز کے کردار کی وجہ سے ہماری مشترکہ میراث گہری ہے، کویت میں 93 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، یہ کمیونٹی صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ہمارے شہری مثالی اور قابل احترام شراکت دار ہیں۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور کویت کی قیادت کے درمیان گزشتہ چھ ماہ کے دوران متعدد مصروفیات کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان متواتر اعلیٰ سطحوں کے رابطے ہوئے ہیں، کویت علاقائی امن کی تعمیر اور بین الاقوامی سفارت کاری میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کے لیے پاکستان کی حالیہ کامیابی میں بھی کویت کی حمایت اہم تھی جہاں پاکستان کو زبردست عالمی حمایت حاصل ہوئی تھی۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پاکستانی شہریوں کے درمیان کے لیے
پڑھیں:
برطانیہ میں سیاسی پناہ کے خواہاں افراد میں پاکستانی پہلے نمبر پر آگئے
برطانیہ میں سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی فہرست میں پاکستانی شہریوں نے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔
برطانوی وزارت داخلہ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ برس 11 ہزار 48 پاکستانی شہریوں نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں، جو مجموعی طور پر 1 لاکھ 9 ہزار 343 درخواستوں کا ایک بڑا حصہ ہے۔
یہ اعداد و شمار ایک دلچسپ موڑ کی نشاندہی کرتے ہیں، کیونکہ 2023-24 کے دوران پاکستانی شہری سیاسی پناہ کے خواہاں افراد میں تیسرے نمبر پر تھے۔ اس سال ان کا پہلے نمبر پر آنا ایک قابل ذکر تبدیلی ہے۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ چھوٹی کشتیوں کے ذریعے خطرناک سمندری سفر کرکے برطانیہ پہنچنے والے مہاجرین میں سے 33 فیصد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں۔ یہ اعداد و شمار مہاجرین کے لیے ان خطرناک سفروں کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہیں۔
افغان شہریوں نے 8 ہزار 69 درخواستوں کے ساتھ دوسرا نمبر حاصل کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات مہاجرت کے اہم محرکات ہیں۔
ماہرین کے مطابق، پاکستانی شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کئی عوامل کا نتیجہ ہوسکتی ہے، جن میں ملک میں معاشی عدم استحکام، سیاسی کشیدگی اور روزگار کے محدود مواقع شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے سماجی و اقتصادی حالات پر ایک اہم تبصرہ پیش کرتے ہیں۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ہر درخواست کا انفرادی طور پر جائزہ لیں گے اور انصاف پسندی سے فیصلہ کریں گے۔ تاہم، یہ اعداد و شمار یورپی ممالک کے لیے مہاجرت کے بحران سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسیاں بنانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔