ٹف ٹائلز کی آڑ میں 24 لاکھ روپے کی چھالیہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
کارروائی کے دوران کسٹمز حکام نے نہ صرف چھالیہ ضبط کی بلکہ تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا ٹرالر بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ اسلام ٹائمز۔ ٹف ٹائلز کی آڑ میں 24 لاکھ روپے کی چھالیہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی کے دوران مضر صحت اسمگل شدہ چھالیہ کی کراچی منتقلی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ ترجمان کے مطابق اسمگلرز کی جانب سے چھالیہ کو ٹف ٹائلز کے سانچوں میں مہارت سے چھپا کر کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔ آر سی ڈی ہائی وے موچکو چیک پوسٹ پر کسٹمز حکام نے مشکوک ٹرالر نمبر TKT-427 کو روکا اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد 290 بیگز میں چھپائی گئی چھالیہ برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ چھالیہ کا مجموعی وزن 3 ہزار کلوگرام ہے، جس کی مارکیٹ مالیت 24 لاکھ روپے کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران کسٹمز حکام نے نہ صرف چھالیہ ضبط کی بلکہ تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا ٹرالر بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ حکام نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ضبط شدہ مال کو اے ایس او کسٹمز کے گودام میں منتقل کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حکام نے
پڑھیں:
کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، فتنۃ الخوارج کے 3 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ، دھماکا خیز مواد برآمد
کراچی میں دہشتگردی کا ممکنہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پاکستان رینجرز (سندھ) اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں نعمت اللہ، نور محمد اور صابر اللہ شامل ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔
ملزمان عسکری تربیت یافتہ، رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے وابستہ ہیں، نعمت اللہ 2018 میں فتنۃ الخوارج میں شامل ہوا تھا، اور افغانستان سے تربیت حاصل کرکے آیا ہے۔
نعمت اللہ 2 بار دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے، جب کہ نور محمد 2022 سے فتنہ الخوارج اسلام الدین گروپ کا سرگرم رکن ہے، نور محمد کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
صابر اللہ 2018 سے فتنہ الخوارج کا رکن ہے، سوشل میڈیا پر سرگرم رہا۔
دہشت گردوں کو کراچی میں کسی بڑی کارروائی کرنے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ حالیہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی پراکسی تنظیموں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مختلف گروپوں کو فنڈنگ اور اسلحہ دیکر متحرک کیا ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان میں ایک بزدلانہ کارروائی میں بھارت کے اسپانسرڈ دہشتگردوں نے خضدار میں معصوم طلبہ کی اسکول کی بس کو حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے تھے۔
پاکستان نے حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کے بعد دہشتگردوں کو چن چن کر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ملک بھر میں سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں، اور مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔
Post Views: 4