حکومت شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے، بلال سلیم قادری
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل پی ایس ٹی نے کہا کہ حکومت کی شہ پر پلنے والا ٹینکر مافیا شہریوں پر راج کر رہا ہے اور شہریوں کا ہی پانی انہیں مہنگے داموں فروخت کرتا ہے، مہنگائی سے پریشان حال شہری کس طرح مہنگا پانی خرید کر استعمال کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری نے حکومت کی جانب سے عوام کو دی جانے والی سہولیات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے شہریوں کو صرف مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت شہریوں کو بنیادی ضرورت تک کی چیز مہیا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، بجلی پانی گیس ہر شخص کے لیے ضروری ہے، مگر یہ سب چیزیں عوام کی پہنچ سے بہت دور جا چکی ہیں، بیشتر علاقے تو ایسے ہیں جہاں مہینوں میں ایک یا دو بار پانی آتا ہے کب تک شہری اس طرح پریشانی کا سامنا کرتے رہیں گے، حکومت کی شہ پر پلنے والا ٹینکر مافیا شہریوں پر راج کر رہا ہے اور شہریوں کا ہی پانی انہیں مہنگے داموں فروخت کرتا ہے، مہنگائی سے پریشان حال شہری کس طرح مہنگا پانی خرید کر استعمال کریں گے، شہری جب اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر آتے ہیں تو حکومت انہیں اپنی طاقت کے ذریعے روک دیتی ہے، پریشان حال شہری جائیں تو جائیں کہاں کہیں ان کی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔
بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث بیماریاں پھیل رہی ہیں، عید قربان کے ساتھ ساتھ بارش بھی قریب ہے مگر حکومتی اقدامات دیکھتے ہوئے نہیں لگتا کہ اس بار بھی عوام کو مشکلات سے کوئی بچا پائے گا، افسران کو دکھانے کے لیے صرف مرکزی شاہراں کو صاف ستھرا رکھا گیا ہے جبکہ علاقائی سڑکیں اور گلیاں کچرے سے بھری پڑی ہیں، کچرے کو شہر سے باہر لے جا کر ڈم کرنے کا بھی کوئی معقول انتظام نہیں ہے، سیوریج کے نظام کی تو بات کیا کی جائے تو خستہ حال لائنوں سے رسنے والا پانی گلیوں میں کھڑا ہے، بیشتر علاقے تو ایسے ہیں جہاں گلیوں کے بجائے سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے، برساتی نالے تو ایسے چوک ہوئے ہیں جیسے وہاں سڑک تعمیر ہوگئی ہے، جب بارش کا پانی آئے گا تو وہ کہاں جائے گا، نکاسی کے انتظامات انتہائی خراب ہیں، حکومت اور عوامی نمائندوں نے نے اگر اپنی روش نہ بدلی تو پھر عوام کے سامنے اگلی بار ووٹ مانگنے کس منہ سے آئیں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
طوفانی سیلاب سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، حکومت فوری اقدامات اٹھائے، کاظم میثم
ممبر گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔ اسلام ٹائمز۔ سابق اپوزیشن لیڈر و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے گلگت بلتستان میں طوفانی سیلاب اور دریائی کٹاو سے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت کو فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف اور بحالی کے لیے کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ سکردو میں دریائی کٹاو کے سبب سترانگلونگما کواردو اور حوطو رنگاہ کے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں۔ زرعی اراضی اور درخت دریا برد ہو رہے ہیں لیکن تاحال کوئی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے لیے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور جی بی ڈی ایم اے کو کواردو حوطو رنگاہ اور رزسنا رنگاہ کے دریائی کٹاو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا چاہیے۔ گزشتہ مہینے آنے والے شگریخورد میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے بھی تاحال اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ جس کے سبب عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ کاظم میثم نے مزید کہا کہ طوفانی سیلاب کے سبب تقریبا تمام اضلاع میں تباہ کاریاں ہوئی ہیں اور شاہراہوں کی بندش کے سبب بھی مشکلات کے شکار ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔