سیمینار کے مقررین کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج نکالنے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
سیمینار میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا گیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش سیاسی اور انسانی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے شہر باغ میں ایشین ریسورس فورم کشمیر نے آل پرائیویٹ سکول اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک سمینار کا انعقاد کیا جس میں بھارت سے مقبوضہ جموں و کشمیر سے اپنی افواج نکالنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ”بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز، آزاد جموں و کشمیر کا ردعمل” کے عنوان سے سیمینار میں مقامی اسکولوں اور کالجوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔سیمینار میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا گیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش سیاسی اور انسانی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے سیاسی شعور اور پرامن مزاحمت کے فروغ میں تعلیمی اداروں کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار میں اتحاد و اتفاق، تنقیدی سوچ اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مقررین نے تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل پر زور دیتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے فوری طور پر اپنی افواج کو نکال دے۔ سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال، ایشین ریسورس فورم کشمیر کی چیئرپرسن ڈاکٹر عابدہ رفیق، پرنسپل شیفیلڈ کالج باغ سردار شعیب خان، سماجی کارکن یاسین نور، پرنسپل الحیات انٹرنیشنل اسکول باغ عباس کاشر، سن رائز اسکول باغ کے پرنسپل بلال خان، سکول آف اقراء فائونڈیشن باغ کے پرنسپل راجہ بشارت اور دیگر نے خطاب کیا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پر زور دیا کشمیر کے
پڑھیں:
باغ میں پاکستان زندہ باد ریلی
ذرائع کے مطابق ”پاکستان زندہ باد“ کے عنوان سے ریلی حیدری چوک سے شروع ہو کر باغ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیراہتمام باغ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کا جشن منانے کے لیے ایک ریلی نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق ”پاکستان زندہ باد“ کے عنوان سے ریلی حیدری چوک سے شروع ہو کر باغ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ ریلی بعد میں ایک بڑے عوامی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ جلسے کی نظامت ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے کی۔ ریلی اور جلسے کے شرکاء نے تہہ دل سے پاک فوج اور حکومت پاکستان کے لیے اپنی غیر متزلزل یکجہتی، جذباتی وابستگی اور حمایت کا اظہار کیا۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور پاک فوج ک حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے اس موقع پر کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بنایا اور بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان اور کشمیر مخالف مہم شروع کی، بھارتی شہروں میں کشمیری طلباء اور تاجروں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کیا اور دوجنوں آزادی پسندوں کے گھر مسمار کر دیے۔ انہوں نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور اس کی چوکس فضائیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے اپنی شرائط پر جنگ بندی کو نافذ کرانے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی شرائط میں سرفہرست رکھنے پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے مسلح افواج اور حکومت پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیرنے پانچ فروری کے دن مظفر آباد میں یادگار شہداء پر اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان کشمیر کے لیے تین جنگیں لڑ چکا ہے اور مزید لڑنے کے لیے تیار ہے، لیکن کشمیر یعنی پاکستان کی شہ رگ کو دشمن کے ہاتھ میں نہیں جانے دے گا۔ پاکستان زندہ باد ریلی اور جلسہ عام میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ دیگر حریت رہنماﺅں میں محمود احمد ساغر، سید منظور احمد شاہ، سید اعجاز احمد شاہ، راجہ خادم حسین، عبدالحمید لون، عبدالمجید میر، زاہد صفی، زاہد اشرف اور قاضی عمران شامل تھے۔