معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے، احسن اقبال کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی، معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی ہے، اب معاشی میدان میں آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا شمار دنیا کےکم ترین ٹیکس ادا کرنےوالے ملکوں میں ہوتا ہے، ہمارے ترقی کےخواب بڑے ہیں،لیکن ہماری ٹیکسوں کی ادائیگی کم ترین ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کوساڑھے 10 فیصد سے 16 یا 18فیصد تک لے کر جانا ہے، اس کے لیے پاکستان کا ہر شہری اپنی آمدن پر ٹیکس ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس ادا کررہے ہیں،وہ ٹیکس چوری کےخلاف چوکیدار کاکردار ادا کریں۔
اسرائیل نے غزہ کے 77 فیصد علاقے پر قبضہ جما لیا
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرہم نے مستقل پائیدار ترقی کرنی ہےتو اس کا راستہ برآمدات کےفروغ میں ہے، یہ فروغ 1،2ارب ڈالر کاسالانہ بنیادوں پرنہیں بلکہ5،10 ارب ڈالر کی چھلانگیں چاہیئں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ایک جدید ٹیکنالوجی بیس ملک بنانےکےلیے اگلے بجٹ میں اقدامات تجویز کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے، ہمارے انجینیئرز نےدفاع کےشعبے میں دو سنگ میل عبور کیے، 28 مئی کو ایٹمی دھماکوں سے ہمیں ایٹمی طاقت بنایا اور 10مئی کوہماری افواج نے دندان شکن جواب دے کربھارت کا غرور خاک میں ملایا۔
واپڈا نے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی آمد و اخراج کے اعدادوشمار جاری کر دئیے
مزید :.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Pakistan
کلیدی لفظ: آپریشن بنیان مرصوص احسن اقبال وفاقی وزیر نے کہا کہ
پڑھیں:
معاشی سرگرمیوں میں تیزی، کے الیکٹرک صنعتی صارفین کا بجلی استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی مجموعی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس (6.08 ارب یونٹس) ریکارڈ کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صنعتی بجلی کی طلب میں یہ نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی نے صنعتی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھے ہوئے ہے تاکہ صنعتوں کی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
بی تھری کیٹیگری میں سب سے زیادہ بجلی استعمال
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کی کھپت سب سے زیادہ رہی، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی صارفین نے 5.04 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی، جبکہ مالی سال 2026 میں یہ مقدار بڑھ کر 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جو 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.84 ارب یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم
کے الیکٹرک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 349 نئے صنعتی کنکشنز جاری کیے گئے، جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی بحالی اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
کے الیکٹرک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی آئندہ بھی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھا جا سکے۔