مسافروں سے ناجائز کرایہ وصولی کیخلاف کارروائی کی جائے گی، شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
عید الاضحی پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ حکومت سندھ کی جانب سے مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے آئی جی سندھ پولیس، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اور ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے اعلی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عید کا موقع خاندانوں کے ساتھ گزارنے کا ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھائے، کسی کو بھی عید کے موقع پر عوام کا استحصال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں افراد عید منانے کے لیے سندھ بھر میں اپنے پیاروں کے پاس سفر کرتے ہیں، بعض ٹرانسپورٹرز کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیتے ہیں، جو عام شہریوں پر بوجھ اور ناقابل قبول ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت دی ہیں کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری اور مثر کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانے، لائسنس معطلی، اور روٹ پرمٹ کی منسوخی جیسے اقدامات کیے جائیں گے، عوام الناس سے گزارش ہے کہ اگر ان سے کوئی زائد کرایہ وصول کرے تو فوری شکایت درج کرائیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شکایات کے لیے ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات درج کرنے کا نظام قائم کر دیا ہے، تمام شہری واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، نیز، تمام افسران کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
شرجیل میمن اور ناصر شاہ کی یوٹونگ بس کمپنی کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت
کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چین میں یوٹونگ بس کمپنی کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں سندھ میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی، ٹرانسپورٹ و متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یوٹونگ کے حکام نے وزراء کو اپنی نئی اور جدید ماڈل بسوں کے بارے میں بریفنگ دی، یوٹونگ حکام نے پاکستان بالخصوص سندھ میں بسیں متعارف کرانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو معیاری اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، دھابیجی اسپشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہت بڑا موقع ہے، سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس چھوٹ دی جارہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ دھابیجی انڈسٹریل زون میں حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں عوام کو معیاری بس سروس فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یوٹونگ جیسے بین الاقوامی ادارے پاکستان آئیں اور جدید بسیں تیار کر کے یہاں کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کریں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں اور تحفظ فراہم کرے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جائے، یوٹونگ بسیں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے بہترین آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شفاف سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو پائیدار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔