دورے کامیاب رہے، کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 2nd, June 2025 GMT
اسلام آباد+ لاہور (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی گورنر ہائوس پنجاب میں ملاقات ہوئی جس میں مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال اور خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری کو حالیہ بیرون ممالک کے دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سلیم حیدر، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی، سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، پاکستان کی کامیابیوں کو آج دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ کسی کو پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔ بھارت سے جنگ نہیں چاہتے، جنگ مسلط کی گئی تو پہلے سے زیادہ اور بڑے سرپرائز دیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو بتایا کہ دوست ممالک کے دورے بہت کامیاب رہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے۔ ہماری پاک افواج کی بہادری کی وجہ سے کوئی بھی آج پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعظم ملاقات میں بھارت سے سیز فائر کے بعد کی صورتحال اور بھارت کی طرف سے مسلسل جارحیت کی دھمکیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ وزیراعظم نے صدر کو اپنے غیر ملکی دوروں پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا پاکستان کی جنگی مہارت کی معترف ہوگئی۔ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت ہی اصل میں ہماری جیت ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان، چین، ترکیہ، آذربائیجان دوستی ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ سفارتی وفد بھارت کے جھوٹ کے جواب میں دنیا کے سامنے اپنا موقف رکھے۔ صدر زرداری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا۔ میرا وہ درد اب بھی برقرار ہے۔ آج کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں سمجھ سکتی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کو قریب لانے کی ضروت ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری بھی شریک ہوئے۔ صدر مملکت آصف زرداری نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ دونوں ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہاکہ حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ ہمیں بنگلہ دیشی قوم پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا تعلق ہے آپ نے اچھا کھیلا ہے مگر برائے مہربانی سیاست چھوڑ دیں۔ صدر مملکت نے ہاتھ جوڑ کر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے کہا کہ برائے مہربانی سیاست ہمارے لیے چھوڑ دیں۔ ہم جیسے لوگ 14 سال کے لیے جیل جاسکتے ہیں، مگر آپ لوگ نہیں جاسکتے۔ تقریب کے اختتام پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام نے صدر زرداری کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ بیٹ کا تحفہ پیش کیا۔ جبکہ چیئرمین پی سی بی نے صدر مملکت کو ان کے نام سے مزین قومی ٹیم کی ’1‘ نمبر کی جرسی بھی پیش کی جس پر قومی ٹیم کے دستخط موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے دوست ممالک کے حالیہ دوروں پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سیاسی اتحادیوں کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کے ریلیف اور فلاح کیلئے آئندہ بجٹ میں اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ سیاسی اتحادیوں کو ملکی مفاد میں مل کر آگے چلنے کی ضرورت ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں شہباز شریف علی زرداری پاکستان کی صدر مملکت بنگلہ دیش نے کہا کہ کرکٹ ٹیم
پڑھیں:
وزیراعظم کا سہ ملکی دورہ شروع،سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف نے سہ ملکی دورے کا آغاز کر دیا ہے. پہلے مرحلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے. دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے.جس میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے. رائل ٹرمینل پر ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔استقبال کرنے والوں میں دیگر سعودی اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں جب کہ پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی افسران نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کا خیر مقدم کیا۔
بعدازاں ریاض ایئر پورٹ لاؤنج میں وزیراعظم شہبازشریف اور ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی. جس میں پاک سعودی تعلقات اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سہ ملکی دورے کا آغاز کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔وزیراعظم سعودی عرب کے سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض کے لیے روانہ ہوئے، ان کے ہمراہ وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر ِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی جب کہ معاشی تعاون میں وسعت، سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کی تلاش، توانائی کے منصوبوں اور خطے میں امن و استحکام پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وزیراعظم برطانیہ جائیں گے جہاں ان کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں.وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ سے 21 ستمبر کو امریکا کے لیے روانہ ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق 2 ریاستی حل کی سربراہ کانفرنس میں امریکی شہر نیویارک میں شرکت متوقع ہے۔اس کے بعد وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، جنرل اسمبلی سے ان کا خطاب 26 ستمبر کو ہوگا جب کہ 27 ستمبر کو امریکا سے وطن واپس روانہ ہوں گے اور 29 ستمبر کو براستہ برطانیہ وطن واپس پہنچیں گے۔