عمر ایوب کا اسپیکر قومی اسمبلی کو خط، ریفرنس کی تفصیلات طلب
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ایک اہم خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف دائر کیے گئے نااہلی کے ریفرنس سے متعلق متعدد قانونی اور آئینی وضاحتیں طلب کی ہیں۔ عمر ایوب نے کہا ہے کہ ریفرنس کی قانونی اور آئینی بنیاد، اس کی مصدقہ نقل اور مکمل کارروائی کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس کی قانونی توجیہ بھی مانگی ہے اور اسپیکر سے یہ وضاحت طلب کی ہے کہ آیا ریفرنس کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی ذہنی تسلی کے کوئی واضح شواہد موجود ہیں یا نہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ریفرنس پر فیصلے کے دوران کی اندرونی کارروائی، فائل نوٹنگز، تمام شواہد، اور کسی بھی جاری کیے گئے نوٹسز اور وضاحت کے مواقع کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ عمر ایوب نے خط میں اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ اگر یہ ریفرنس کسی تیسرے فریق کی درخواست پر دائر کیا گیا ہے تو اس پہلو پر بھی وضاحت دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کو آرٹیکل 63(2) کے تحت اختیار استعمال کرنے کی نظیریں بھی مہیا کی جائیں تاکہ کارروائی کی شفافیت اور منصفانہ نوعیت کو جانچا جا سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس پورے عمل میں قانون، شفافیت اور منصفانہ رویے کی مکمل پاسداری ہونی چاہیے، کیونکہ یہ معاملہ نہ صرف ان کی ذات بلکہ پارلیمانی وقار اور جمہوری اعتماد سے بھی جڑا ہوا ہے۔ عمر ایوب نے اسپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ فوری طور پر ان کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ وہ اس عمل کا قانونی جواب تیار کر سکیں۔ یہ ریفرنس بابر نواز کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جسے اسپیکر ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے تاکہ مزید کارروائی کی جا سکے۔
Post Views: 3.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: عمر ایوب
پڑھیں:
پی ٹی آئی کے اہم رہنما گلگت بلتستان سے نکال دیے گئے
گلگت: گلگت بلتستان سے صوبہ بدر کیے جانے کے ایک اہم واقعے نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کے خلاف ہونے والی اس کارروائی نے ملکی سیاست میں ایک نئی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، شوکت بسرا، نعیم پنجوتھہ اور ظہیر بابر کو دیامر پولیس نے گلگت بلتستان کی حدود سے باہر منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کارروائی کے بعد ان رہنماؤں کو خیبر پختونخوا کی حدود میں چھوڑ دیا گیا۔
تاحال پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کی وجوہات کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔ تاہم سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے اثرات آنے والے دنوں میں مزید نمایاں ہو سکتے ہیں۔
گلگت بلتستان سے صوبہ بدر کیے جانے والے رہنماؤں کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ بعض حلقے اس کارروائی کو سیاسی سرگرمیوں پر قدغن قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر اس کے پس منظر میں سکیورٹی یا انتظامی وجوہات کا امکان ظاہر کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے مزید حقائق سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔ اس دوران سیاسی کارکنوں اور عوامی حلقوں کی نظریں حکام کے ممکنہ مؤقف اور آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے پر تفصیلی وضاحت سامنے نہ آئی تو یہ معاملہ مزید سیاسی تنازع کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔