سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 6th, June 2025 GMT
کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں 15 جون سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی لگا دی جائے گی۔
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں یہ دن پلاسٹک آلودگی کا خاتمے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ماحول کو پلاسٹک آلودگی سے بچانے کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنائیں اور صاف ستھرا ماحول اپنائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں پلاسٹک صفائی مہم کا آغاز کر چکی ہے اور پلاسٹک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے پاک سندھ ہمارا خواب ہے، جسے ہم سب کو مل کر حقیقت بنانا ہے۔ سندھ حکومت ماحول دوست کپڑے اور کاغذی تھیلوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور 15 جون 2025ء سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شجرکاری، تمر کے درختوں کی افزائش، ری سائیکلنگ انڈسٹری کے فروغ اور ندی نالوں کی صفائی کے عمل میں مصروف ہے۔ سندھ حکومت تعلیمی و سماجی اداروں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان سندھ حکومت
پڑھیں:
سکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی کی قرارداد اسمبلی میں جمع
پنجاب کے سکولوں میں طلبا کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین نے قرارداد جمع کرائی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ان کی ذہنی و سماجی تربیت کی اولین ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے، موجودہ دور میں موبائل اور سوشل میڈیا کی بدولت بچوں کے ذہن اور اخلاقی اقدار بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو اس سماجی مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنےکا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔
متن میں لکھا گیا ہے کہ پہلے قدم کے طورپر یہ ایوان تجویز کرتا ہے کہ تمام سکولز میں طلبا کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی لگائی جائے اور بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے بارے میں قانون سازی کی جائے۔