پنجاب میں ہیٹ ویو کب تک برقرار رہے گی؟
اشاعت کی تاریخ: 10th, June 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی دنوں تک ہیٹ ویو برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ صورتحال 13 جون تک جاری رہ سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان اور نورپور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جب کہ بھکر، بہاولنگر، گوجرانوالہ اور کوٹ ادو میں 47 ڈگری، لاہور، فیصل آباد، گجرات، ملتان، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے فعال انداز میں کام کریں اورعوامی مقامات، لاری اڈوں، منڈیوں میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ہیٹ ویو کے پیش نظرچولستان میں بھی صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خاص خیال رکھیں اورغیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔
ماہرین صحت نے بھی عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اپنانے اور پانی کا استعمال زیادہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے ہیٹ ویو
پڑھیں:
اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام یومِ تشکر تقریب کا انعقاد آج
— جنگ فوٹواوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی میزبانی میں آج بروز بدھ 11 جون 2025 کو ایک پُروقار یومِ تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ خصوصی تقریب افواجِ پاکستان کے جری سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کےلیے منعقد کی جا رہی ہے۔
تقریب شام 7:30 بجے لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی، جہاں ملک کی ممتاز شخصیات، سول و عسکری نمائندگان، اوورسیز پاکستانی اور دیگر معزز مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔
بیرسٹر امجد ملک کا کہنا ہے کہ یہ تقریب محض اظہارِ تشکر نہیں بلکہ ایک عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنے وطن کے محافظوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ہماری افواج اور شہداء نے جو قربانیاں دی ہیں، وہ ہمارے قومی وقار کی اساس ہیں۔
یومِ تشکر کے اس یادگار موقع پر مختلف مقررین شہداء کی عظمت کو سلام پیش کریں گے جبکہ افواجِ پاکستان کے ساتھ عوامی یکجہتی کا اظہار بھی کیا جائے گا۔