دیرینہ دشمنی کا انجام؛ اندھا دھند فائرنگ سے باپ بیٹا سمیت 3 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
سرگودھا:
ڈیرے پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹا سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے نواحی علاقے سالم میں دیرینہ دشمنی پر خون کی ہولی کھیلی گئی، جہاں ایک ڈیرے پر سوئے ہوئے افراد پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
افسوسناک واقعہ ڈیرہ ریاض مانگٹ پر پیش آیا، جہاں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ نبیل، 52 سالہ محمد ریاض اور 35 سالہ عثمان شامل ہیں۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا۔ اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ حملے کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپا مار کارروائیوں کے ساتھ ساتھ مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جار ہی ہے۔ حکام کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مکمل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شہباز شریف سمیت حکومتی شخصیات کو 21 تحائف ملے، توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری
فوٹو: فائلوزیراعظم اور نائب وزیراعظم سمیت مختلف اعلیٰ حکومتی شخصیات کو 21 قیمتی تحائف ملے، کابینہ ڈویژن نے اپریل تا جون توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری کردیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم توشہ خانہ تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو ایک شوگر باؤل، قیمتی قلم، مسجد نبویﷺ کا ماڈل، شیلڈ اور ٹائی بطور تحفہ ملی۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم کو چینی خلائی اسٹیشن کا ماڈل، ایک کپ، گھڑی اور شیلڈ بھی بطور تحفہ ملی۔
دستاویز کے مطابق نائب وزیراعظم کو چمڑے سے بنا چینی بیلٹ، مصری اسٹیچو کا ماڈل اور کف لنکس بطور تحفہ ملے۔
دونوں اعلیٰ ترین حکومتی شخصیات نے حاصل ہونے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو ملنے والے تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔