لاہور؛ بیوی کو ٹوکے کے وار سے قتل کرنے والا سفاک شوہر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
لاہور:
بیوی کو ٹوکے کے وار سے قتل کرنے والا سفاک شوہر پولیس نے دھر لیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بیوی کو ٹوکے کے وار کر کے قتل کرنے والے سفاک شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لرزہ خیز واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گرین ٹاؤن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاکی کی بنا پر اپنی بیوی نبیلہ بی بی کو ٹوکے کے وار کر کے بےدردی سے قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے افسوسناک واقعے پر کہا کہ خواتین و بچوں پر تشدد اور قتل جیسے گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کر کے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انویسٹی گیشن
پڑھیں:
جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 افراد کو جاپان بھجوانے والا ایجنٹ گرفتار
ایف آئی اے گوجرانوالہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ایجنٹ وقاص علی کو گرفتار کر لیا ۔
حکام کے مطابق ملزم نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے 17 افراد کو فٹبال ٹیم ظاہر کر کے جاپان بھجوایا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا جعلی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور وزارتِ خارجہ کا جعلی این او سی تیار کیا، جنہیں استعمال کرتے ہوئے ان افراد کو جاپان کے وزٹ ویزے دلوا کر یکم جنوری 2024 کو روانہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہر فرد سے 40 سے 45 لاکھ روپے کے درمیان رقم وصول کی گئی۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص علی کے خلاف انسانی اسمگلنگ کے متعدد مقدمات ایف آئی اے گوجرانوالہ میں پہلے سے بھی درج ہیں۔
تازہ کارروائی کے دوران ادارے نے جعلی کاغذات، فٹبال فیڈریشن کے جعلی لیٹر ہیڈز اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ۔