آزادی مارچ پر درج مقدمہ؛ اسد قیصر کو عدالت سے بڑا ریلیف
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
اسلام آباد:
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو تھانہ آئی 9 کے مقدمہ سے بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر ندیم نے 2 مقدمات کی سماعت کی۔ اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تھانہ آئی 9 کے مقدمہ سے اسد قیصر کو بری کرتے ہوئے تھانہ مارگلہ کے مقدمے پر سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
اسد قیصر کے خلاف آزادی مارچ کے 2 مقدمات تھانہ مارگلہ اور آئی 9 میں درج ہیں۔
دوسری جانب، ڈسٹرکٹ بار نے امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے منگل کو مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا کی جانب سے حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، ایران اپنی جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ ایران پر حملے اقوام متحدہ کے اصولوں کے خلاف ورزی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اسرائیل کی وجہ سے بین الاقوامی امن اور استحکام کو شدید خطرہ ہے، اقوام متحدہ مداخلت کرے اور تنازعات کا پرامن حل نکالے۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن ایرانی حکومت اور عوام کیساتھ کھڑی ہے، ایران سے یکجہتی کیلئے ڈسٹرکٹ بار 24 جون منگل کو ہڑتال کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایتھنز میں فلسطین مارچ: یونانی عوام کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ
ایتھنز: غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں فلسطین حمایت مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے غزہ میں جاری بمباری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ یونانی حکومت کو اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کا تعلق ختم کر دینا چاہیے اور فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کرنی چاہیے۔
اسپین میں ہیلتھ ورکرز نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کُشی کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کیا اور ہاتھوں پر سرخ رنگ لگا کر "خون رُکوانے" کی علامتی اپیل کی۔ اسی طرح جاپان میں بھی ایک سماجی کارکن نے ٹوکیو کی سڑکوں پر فلسطینی پرچم بلند کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب خود اسرائیل میں بھی نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاج بڑھ گیا ہے۔ تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ میں فوری جنگ بندی معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔