وانا میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، زخمی ڈی ایس پی کی حالت تشویشناک؛ گن مین لاپتا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
وانا میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے زخمی ڈی ایس پی کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ ان کا گن مین لاپتا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سینئر افسر زخمی اور ایک اہل کار لاپتا ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم وانا سے توئے خلہ جا رہی تھی۔
حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے جنوبی وزیرستان کے ڈی ایس پی رحمن کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال ذرائع نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ایک اہلکار لاپتا ہے، جو ڈی ایس پی رحمن کا گن مین تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچی، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ حملے کے محرکات کے حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم سکیورٹی فورسز نے علاقے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لوئر دیر: مسلح افراد کی گھر میں فائرنگ، جے یو آئی (ف) کے سینئر قتل، بیوی شدید زخمی
لوئر دیر میں براول دیر بالا بین درہ میں مسلح افراد نے گھر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں جے یو آئی (ف) براول کے سابق امیر مفتی حبیب اللہ حقانی جاں بحق اور ان کی بیوی شدید زخمی ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا کہ نامعلوم افراد مفتی حبیب اللہ کے گھر میں داخل ہوئے اور انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا،
پولیس زرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
جعمیت علماء اسلام کے مفتی حبیب اللہ حقانی نے جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا تھا۔