پاکستان: جرمن کوہ پیما کی’قاتل پہاڑ‘ سے کامیاب پیراگلائیڈنگ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 جولائی 2025ء) مشہور جرمن کوہ پیما ڈیوڈ گوٹلر نے پاکستان کے 8,126 میٹر بلند خطرناک پہاڑ نانگا پربت کی چوٹی سے پیراگلائیڈنگ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جو اس پہاڑ سے پہلی کامیاب پرواز ہے۔ انہیں یہ کامیابی اپنی پانچویں کوشش میں گزشتہ ماہ حاصل ہوئی۔
47 سالہ گوٹلر نے جمعرات کے روز جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو اسپین سے فون پر بتایا، ''اڑان بھرنا بہت چیلنجنگ تھا، آپ کو ہر لمحہ مکمل ارتکاز کے ساتھ ہوا میں رہنا ہوتا ہے۔
یہ ایک ناقابلِ یقین حد تک خوبصورت پرواز تھی۔‘‘انہوں نے چوٹی سے بیس کیمپ تک تقریباً 30 منٹ طویل پرواز کو ''جادوئی لمحہ‘‘ قرار دیا۔
پاکستانی الپائن کلب کے عہدیدار قرار حیدری کے مطابق یورپ، روس اور جاپان سے کئی کوہ پیماؤں نے ماضی میں اس بلند و خطرناک چوٹی سے پیراگلائیڈنگ کی کوششیں کیں لیکن کامیاب کوئی نہ ہو سکا۔
(جاری ہے)
تاہم اب گوٹلر نے یہ کارنامہ انجام دے دیا ہے۔نانگا پربت، جسے''قاتل پہاڑ‘‘ بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی نویں بلند ترین اور خطرناک ترین چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔ کئی کوہ پیما ماضی میں یہاں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
اس مہم کے دوران گوٹلر نے پہاڑ پر مکمل الپائن اسٹائل میں چڑھائی کی یعنی بغیر کسی شیرپا (مقامی گائیڈ)، مصنوعی آکسیجن یا رسیوں کے، اور ان کے ساتھ صرف دو دیگر یورپی ساتھی شامل سفر تھے۔
نجی کمپنی ایڈونچر ٹورز پاکستان کے مالک نیک نام کریم نے اس مہم کے لیے لاجسٹک معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا، ''یہ ایک غیرمعمولی جرات مندانہ اقدام تھا کیونکہ نانگا پربت ایک خطرناک چوٹی ہے۔‘‘
گوٹلر کی یہ کامیابی نہ صرف کوہ پیمائی بلکہ ایڈونچر اسپورٹس کی دنیا میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے اور پاکستان کے ہمالیائی پہاڑوں کی تاریخ میں ایک نیا باب بھی۔
شکور رحیم ڈی پی اے کے ساتھ
ادارت: کشور مصطفیٰ
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
وزیراعظم کا مالی سال کے پہلے دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کے 127000 کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے مالی سال کے پہلے دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کے پہلی بار 127000 کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نیا مالی سال ایک اچھی خبر اور معاشی میدان میں ایک اہم پیشرفت سے شروع ہوا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنا اس امر کا مظہر ہے کہ ملکی معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط و مستحکم ہو رہا ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ پچھلے مالی سال میں حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت نے بتدریج بہترین ریکوری دکھائی ۔(جاری ہے)
شہبازشریف نے کہاکہ نیا مالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا ۔انہوںنے کہاکہ کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کے مشکور ہیں جو ملکی ترقی و خوشحالی میں حکومت کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ملک میں بہترین کاروباری ماحول کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ میں حکومت کی معاشی ٹیم کو اس کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔