گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب کا خدشہ، الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
اسلام آباد میں درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافے کے بعد محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کے خطرے کی وارننگ جاری کردی ہے۔
ماہر موسمیات زینت یاسمین کے مطابق آئندہ ہفتے درجہ حرارت میں مزید اضافے اور موسمی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جو متاثرہ وادیوں میں فلیش فلڈ اور گلیشیائی سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلند درجہ حرارت اور موسمی نظام گلیشیئر جھیلوں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں جس کے باعث گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سلسلے میں پی ایم ڈی نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے جا سکیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرے کے پیش نظر حساس اور خطرناک علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
گلوبل وارمنگ اور مقامی درجہ حرارت میں اضافے کو علاقے کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے ماہرین نے زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ رکھا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے بعد خیبرپختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں بھی خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق درجہ حرارت میں مسلسل اضافے سے گلیشیئرز کے پگھلنے اور فلیش فلڈز کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ پشاور، چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے عوام کو خبردار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ اور انخلاء کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔ عوام کو خاص طور پر ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں لے جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلاء کے لیے مقامات تیار کر لیے گئے ہیں جبکہ ہنگامی سامان اور ریسکیو سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ ساتھ ہی سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورت حال میں سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو بھی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ خطرے کی صورت میں ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور عوام تک بروقت معلومات پہنچائی جائیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے جس کے ذریعے عوام کو احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اتھارٹی کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث مقامی درجہ حرارت میں اضافہ اس خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے عوام اور سیاحوں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان محکمہ موسمیات کرنے کی ہدایت گلگت بلتستان پی ڈی ایم اے کی جانب سے کے مطابق خطرے کی کے باعث کسی بھی ہے تاکہ کے لیے جا سکے گئی ہے
پڑھیں:
این ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے, محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان بھی ظاہر کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 10 جولائی تک پنجاب سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر اور شگر میں بھی بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔آج سے 10جولائی کے دوران مظفرآباد، وادی نیلم، حویلی اور باغ میں بھی موسلادھار بارش کی توقع ہے۔سکھر، نوابشاہ، کشمور، حیدرآباد، کراچی، بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر، میرپور خاص، مٹھی، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی بارشیں ہونے کی توقع ہے۔ کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، آواران، بارکھان، جعفرآباد، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، لسبیلہ اور نصیرآباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 7جولائی سے شمالی اور وسطی پنجاب کے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، دریائے سندھ، جہلم اورچناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کاامکان ہے، راوی، ستلج اوردریائے کابل میں بھی 7جولائی سے پانی کے بہاؤ میں اضافے کاامکان ہے۔مشرقی بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی فلیش فلڈنگ کاخدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، بارشوں سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔شہریوں کو الرٹ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بارش کمزور تعمیرات، کچی دیواروں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے۔
Post Views: 2