دہشتگردی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ، پاکستان و افغانستان کا اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
فوٹو سوشل میڈیا۔وزارت خارجہ
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے مذاکرات کا پہلا دور ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کے 19 اپریل کو دورہ کابل کے دوران فیصلوں کے تحت عمل میں آئی۔
پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری افغانستان و مغربی ایشیا سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ افغان وفد کی قیادت افغان وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر پولیٹیکل ڈویژن مفتی نور احمد نور نے کی، مذاکرات میں دو طرفہ دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تجارت، ٹرانزٹ تعاون، سلامتی اور علاقائی روابط کے امور زیر بحث آئے، فریقین نے دہشتگردی کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغان سر زمین پر دہشتگرد گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ایسے عناصر پاکستان کی سلامتی کو نقصان اور علاقائی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وفد نے دورہ کابل کے دوران اعلان کردہ اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو فعال کرنے سمیت دیگر اقدامات شامل تھے، فریقین نے پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے کی تزویراتی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں نے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ مذاکرات میں افغان شہریوں کی وطن واپسی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جنوری 2024 سے اب تک مختلف کیٹیگریز میں 5 لاکھ سے زائد ویزے جاری کیے جا چکے، فریقین نے قانونی اور منظم آمد و رفت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، دونوں ممالک نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل رابطوں اور بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق
پڑھیں:
اسحاق ڈار کو جرمن وزیرخارجہ کا فون، علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور جرمنی کے وزیرخارجہ یوہان ویڈیفل نے باہمی مفاہمت اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان ویڈیفُل کی ٹیلیفون کال موصول ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی مفاہمت اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے لیے بھی اپنی آمادگی ظاہر کی۔