کراچی، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، سعودی عرب سے آئے نوجوان کی جان چلی گئی
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں اورنگی ٹاؤن نمبر ایک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے واقعے میں 24 سالہ نوجوان جبران ولد جمعہ جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کو سینے میں گولی لگی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق جبران روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا اور گزشتہ ہفتے والد کے انتقال پر کراچی آیا تھا۔
جاں بحق نوجوان اہل خانہ کی کفالت کے لیے بیرون ملک محنت مزدوری کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق واردات کے دوران ملزمان نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، جس پر جبران نے مزاحمت کی، تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کا برطرف اہلکار زخمی
کراچی:شہر قائد میں شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 22 اے میں فائرنگ سے پولیس کا برطرف سپاہی زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
واقعے کے بعد زخمی اہلکار حمزہ سیال نے خود کو سی ٹی ڈی کا اہلکار سمیت متضاد بیانات دیئے جس کی اطلاع پر سی ٹی ڈی کے پولیس افسران معلومات حاصل کرنے کے لیے جناح اسپتال پہنچ گئے۔
سی ٹی ڈی افسر کے مطابق دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ حمزہ سیال ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے تھانے گذری میں تعینات تھا جسے کسی شہری پر فائرنگ کرنے کے الزام میں سال 2016 میں نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
زخمی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس کی 10 محرم کو شاہ لطیف ٹاؤں سے موٹر سائیکل چوری ہوگئی تھی جس کی رپورٹ تھانے میں درج کرائی تھی اور اپنی موٹر سائیکل کی معلومات کے لیے تھانے گیا تھا واپسی پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مجھ سے پرس اور موبائل فون چھین لیا جبکہ دوسری خریدی گئی نئی موٹر سائیکل چھیننے سے بچ گئی۔
زخمی شخص کو بائیں جانب پسلی پر گولی لگی تھی جو دوسری جانب سے پار ہوگئی تھی اس حوالے سے شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی فوری طور پر وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ۔