اسرائیلی حملے میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے زخمی ہونے کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 13th, July 2025 GMT
ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے زخمی ہونے کا حیران کن انکشاف ہوا ہے۔
ترک خبر ایجنسی انادولو نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ 17 جون کو اسرائیلی حملے کے وقت صدر سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت ایک محفوظ مقام پر میٹنگ میں مصروف تھی۔
رپورٹس کے مطابق، اسرائیل نے اس عمارت کے داخلی و خارجی راستوں کو نشانہ بنانے کے لیے 6 میزائل فائر کیے۔ اگرچہ صدر پزشکیان کو ٹانگ پر معمولی چوٹ آئی، تاہم وہ دیگر حکام کے ہمراہ محفوظ طریقے سے نکلنے میں کامیاب رہے۔
ایرانی ایجنسی فارس نیوز کا کہنا ہے کہ اسی طرز کا حملہ حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصر اللہ پر بھی کیا گیا تھا، جس سے خدشات جنم لے رہے ہیں کہ اطلاعات اندر سے لیک ہوئی ہیں۔
اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے جوہری اثاثوں، فوجی ہیڈکوارٹرز اور سویلین علاقوں پر حملے شروع کیے تھے۔ ان حملوں میں اب تک 606 ایرانی شہری شہید اور 5,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
جوابی کارروائی میں ایران نے 29 اسرائیلی شہریوں کو ہلاک اور 3,400 کو زخمی کیا۔ یہ کشیدگی 24 جون کو امریکی ثالثی کے بعد تھمی، لیکن صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایران نیوکلیئر مذاکرات کے لیے تیار، میزائل پروگرام پر ’کوئی بات نہیں کرے گا‘
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم یہ مذاکرات اسی صورت میں ممکن ہوں گے جب ایران کے حقِ یورینیم افزودگی کا احترام کیا جائے۔ عراقچی کے مطابق ایران اپنے پرامن ایٹمی پروگرام پر بات چیت کا خواہاں ہے لیکن ملکی دفاعی نظام اور میزائل پروگرام کسی صورت مذاکرات کا حصہ نہیں بنائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران یورینیم افزودگی کے عمل سے دستبردار نہیں ہوگا اور امریکا کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط ناقابلِ قبول ہیں۔ ان کے بقول ایران ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے کا خواہاں ہے جو اس کے قومی مفادات کے مطابق ہو۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں اسرائیل–ایران کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور بین الاقوامی سطح پر جوہری سرگرمیوں سے متعلق دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ایران نے اس کے باوجود زور دیا ہے کہ وہ پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے لیے پرعزم ہے اور سفارتی راستے سے تمام تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
(ماخذ: تسنیم نیوز، اشراق الاوسط)
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں