پاکستان کا عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ میں فاتحانہ آغاز
اشاعت کی تاریخ: 27th, July 2025 GMT
CAIRO:
پاکستان نے عالمی جونئیر ٹیم اسکواش چیمپئین شپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے دونوں میچز جیت لیے، قومی جونیئر ٹیم نے اپنے افتتاحی گروپ میچ میں برازیل کے بعد کویت کو بھی بآسانی 0-3 سے شکست دے دی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مصر کے شہر نیو قاہرہ میں شروع ہونے والی عالمی جونیئر اسکواش ٹیم چیمپین شپ کے پہلے روز پاکستان نےگروپ ایف میں اپنے دونوں لیگ میچز جیت لیے،پہلے مقابلے میں برازیل کے خلاف کسی دقت کے بغیر 0-3 سے فتح حاصل کی۔
پاکستان نے بہترین کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں کویت کے خلاف بھی 0-3 سے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کا تیسرا اور آخری گروپ میچ پیر کو فرانس سے طے ہے، فرانس نے اپنے پہلے میچ میں کویت کو 0-3 سے مات دی ہے اور کویت کو دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان جونیئر ٹیم میں عبداللہ نواز، انس علی شاہ بخاری، محمد عمیر آصف اور عبیداللہ شامل ہیں، راؤ عاطف کامران منیجر اور فراز محمد کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ اختتام پذیر
ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔
پی این روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں ناصر اقبال نے سیکنڈ سیڈ طیب اسلم کو 1-3 سے شکست دی۔
ویمنز ایونٹ کے فائنل میں پشاور کی ماہ نور علی نے اپنی بڑی بہن سحرش علی کو 0-3 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں 20 لاکھ روپے کی مجموعی انعامی رقم تقیسم کی گئی۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔
کموڈور مدثر خورشید نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔
تقریب میں کمانڈر کراچی فیصل عباسی، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، اولمپیئن سمیع اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔