سیاحت کے شوقین ہو جائیں تیار! سری لنکا نے پاکستان سمیت 40 ممالک کیلیے ویزا فیس ختم کردی
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
اگر آپ سری لنکا کی خوبصورت ساحلی پٹیوں، گھنے جنگلات اور تاریخی مندروں کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں تو اب خوابوں کو حقیقت بنانے کا وقت آ گیا ہے اور وہ بھی بغیر ویزا فیس ادا کیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا نے دنیا کے 40 ممالک کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان ممالک میں پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب، یو اے ای اور آسٹریلیا جیسے ممالک شامل ہیں۔
سری لنکا کے وزیر سیاحت وجیتھا ہیراتھ نے بتایا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سری لنکا دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کو تیار ہے۔
حکومت کو اس اقدام سے سالانہ 66 ملین ڈالر کا ممکنہ نقصان ضرور ہوگا، لیکن پالیسی سازوں کو یقین ہے کہ سیاحوں کی بڑی تعداد یہ کمی پوری کر دے گی۔
یہ اسکیم 2023 کے ایک پائلٹ پروگرام کی توسیع ہے جس میں پہلے بھارت، چین اور روس کے سیاحوں کو 30 دن کا مفت ویزا فراہم کیا گیا تھا۔
تاہم اب یہ سہولت مزید 40 ممالک تک پھیلا دی گئی ہے تاکہ سری لنکا دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مسابقتی سیاحتی دوڑ میں سبقت حاصل کرسکے۔
سری لنکا کے لیے ویزا فیس سے مستثنیٰ ممالک کی فہرست؛پاکستان کے علاوہ جن ممالک کے لیے ویزا فیس سے استثنیٰ دیا گیا ان میں درج زیل ممالک شامل ہیں۔
برطانیہ
جرمنی
نیدرلینڈز
بیلجیم
اسپین
آسٹریلیا
پولینڈ
قازقستان
سعودی عرب
متحدہ عرب امارات
نیپال
چین
بھارت
انڈونیشیا
روس
تھائی لینڈ
ملائیشیا
جاپان
فرانس
امریکا
کینیڈا
چیک جمہوریہ
اٹلی
سوئٹزرلینڈ
آسٹریا
اسرائیل
بیلاروس
ایران
سویڈن
فن لینڈ
ڈنمارک
جنوبی کوریا
قطر
عمان
بحرین
نیوزی لینڈ
کویت
ناروے
ترکی
یہ اقدام سیاحت کے فروغ، بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے اور سری لنکا کی معیشت کو سہارا دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی کے سرکاری کالجز میں انٹرسال اول کیلیے داخلے شروع نہ ہوسکے، سوا لاکھ طلبا منتظر
محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ واضح اعلان کے باوجود کراچی میں سرکاری کالجوں میں داخلہ شروع نہیں کرسکا ہے اور کم از کم سوا لاکھ طلبہ انٹر سال اول میں داخلوں کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹر سال اول میں داخلہ یکم جون سے شروع ہونے تھے اس سلسلے میں 23 مئی کو قومی اخبارات میں اشتہارات جاری کیے گئے تھے جس کے مطابق تمام سرکاری کالجوں میں انٹر سال اول میں نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر یکم جون سے داخلہ فارم کی رجسٹریشن شروع ہوجانی تھی جبکہ داخلہ فارم رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 جولائی مقرر کی گئی ہے۔
انٹر سال اول میں صرف کراچی کے سرکاری کالجوں میں سوا لاکھ کے قریب طلبہ داخلہ لیتے ہیں جن کے لیے سینٹرلائزڈ ایڈمیشن پالیسی کے تحت 6 مختلف فیکیلٹیز پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، کمپیوٹر سائنس ، کامرس ، ہیومینیٹیز اور ہوم اکنامکس میں داخلے دیے جاتے ہیں۔
اس سلسلے میں جب میٹرک کا امتحان دینے والے داخلے کے خواہشمند طلبہ نے www.seccap.dgcs..gos.pk کے پورٹل پر داخلہ رجسٹریشن فارم تک پہنچنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ پورٹل ہی بند ہے۔
ادھر "ایکسپریس" نے اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر زاہد راجپر سے جب اس سلسلے میں رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر پورٹل بند ہے ہماری ٹیکنیکل ٹیم کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری امید ہے کہ بدھ کی صبح تک پورٹل کھل جائے جس کے بعد طلبہ داخلے کے لیے اپلائی کرسکیں گے۔
ڈی جی کالجز کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بار ہم نے تمام سرکاری کالجوں میں "ڈیس ایبل" کوٹہ مختص کیا ہے تاکہ ایسے طلبہ اس کوٹے کی بنیاد پر اپنے قرب و جوار کے کالجوں میں بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔