بلوچستان میں ایک اور سفاکانہ واردات: پسند کی شادی پر بھائیوں نے حاملہ بہن اور شوہر کو قتل کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پسند کی شادی کرنے پر بھائیوں نے حاملہ بہن اور اُس کے شوہر کو قتل کر دیا۔
لیویز کے مطابق پنجگور کا رہائشی شعیب خان اپنی حاملہ بیوی اور بھائی کے ہمراہ کوئٹہ آرہے تھے، وہ مستونگ کے علاقے لکپاس نوشکی کراس کے قریب نجی ہوٹل میں تھے کہ مسلح افراد نے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
اطلاع ملنے پر لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال پہنچایا، لیویز نے بتایا کہ ’پنجگور کے علاقے چتکان کے محمد شعیب نے تقریباً سات سال قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی رہائشی خاتون بے نظیر سے کورٹ میرج کی تھی۔۔
کچھ عرصہ قبل شعیب کا اپنے سسرال والوں سے راضی نامہ ہوگیا تھا، گزشتہ روز مقتولہ کے بھائیوں نے دونوں میاں بیوی کو دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا تھا۔
مقتولین کوئٹہ کے لیے نکلے، راستے میں رات ہونے پر لکپاس کے قریب ایک ہوٹل میں رات گزاری۔
صبح مقتولہ کے بھائیوں نے ٹیلی فون کرکے اُن کی لوکیشن معلوم کی اور وہاں پہنچ کر دونوں میاں بیوی کو قتل کردیا۔
ملزمان فائرنگ کرنےکے بعد فرار ہوگئے۔ لیویز نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھائیوں نے
پڑھیں:
بلوچستان: فورسز کے آپریشن میں 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک، حملوں میں پولیس اور لیویز کے 2 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع شیرانی کے پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی خضدار میں 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب بھارتی پراکسی دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندستان‘ کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی سرپرست دہشت گرد واصل جہنم کیے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا،دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
علاوہ ازیں، بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں پولیس اور لیویز کا ایک، ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں تھانوں کے کمیونی کیشن سسٹم کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حملوں میں 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، واقعے کے بعد سول ہسپتال ژوب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
Post Views: 3