گھگھر پھاٹک میں بلوچستان کے جوڑے اور بچے کا قتل، مقتولہ کے بھائی اور والد پر مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
کراچی:
گھگھر پھاٹک بمبوگوٹھ میں پسند کی شادی پر قتل کیے گئے بلوچستان کے جوڑے اور کمسن بچے کو سپرد خاک کردیا گیا، اسٹیل ٹاؤن پولیس نے مقتولہ سکینہ کے بھائی، والد سمیت 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ مقتول عبدالمجید کے بھائی امام بخش ولد محمد بخش کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں مقتولہ سکینہ کے بھائی شہزاد عرف راجہ، والد گلاب خان، میرعلی عرف حسن سمیت 6 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول عبدالمجید نے سات سے آٹھ سال قبل سکینہ سے کورٹ میرج کی تھی، عبدالمجید کا 3 سالہ بچہ عبدالنبی بھی تھا یہ لوگ 8 ماہ سے گھگھر پھاٹک بمبوگوٹھ میں رہائش پذیر تھے۔
امام بخش کے مطابق عبدالمجید محنت مزدوری کرتا تھا شہزاد عرف راجہ نے فون پر مجھے بتایا کہ ان لوگوں کو قتل کردیا ہے جاکر لاشیں اٹھالو، پسند کی شادی کرنے پر دونوں خاندانوں میں تنازع چل رہا تھا اور دوسال قبل صلح ہوگئی تھی، دوست کے ہمراہ بھائی کے گھر پہنچا تو لاشیں پڑی تھیں جنھیں کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا، مقتولین کی لاش تدفین کے لیے بلوچستان کے علاقے بیلہ منتقل کی گئی تھیں لیکن تدفین سے انکار پر مقتولین کی میتیں دوبارہ سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئیں۔
سرد خانے کے باہر ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے مقتول عبدالمجید کے بڑے بھائی نوروز نے بتایا کہ بھائی، بھابی اور بھتیجے کو قتل کرنے کے بعد بھابھی کے بھائی نے خود فون کرکے واقعے کی اطلاع دی، مقتولین کو قتل کرنے کے واقعات میں 4 افراد ملوث ہیں، عبدالمجید اور سکینہ نے چار یا پانچ سال قبل پسند کی شادی کی تھی ہماری صلح ہو گئی تھی اور اس کے باوجود قتل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھابھی اپنی مرضی سے آئی تھی اور پھر کورٹ میں جاکر نکاح کیا، بلوچستان کے زمیندار نے کہا کہ تم ایک یا دو سال کے لیے یہاں ہو اگر تمہارا کوئی مرگیا ہے تو اسے اپنے آبائی گاوں لے کر جاؤ یہاں تدفین کی اجازت نہیں ہے، مقتول کی تدفین گھگھر پھاٹک میں ہی کی جائے گی اس لیے وہ میتیں دوبارہ لے کر آئے ہیں۔
انھوں نے حکومت وقت سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں مقتولین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ گھگھر پھاٹک کے مقامی قبرستان میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں مقتولین کے اہل خانہ، عزیز واقارب اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے، نماز جنازہ کے بعد مقتولین کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بلوچستان کے کے بھائی کیا گیا
پڑھیں:
کراچی میں جوڑے کا قتل: گوجرانوالہ سے 11 افراد کو حراست میں لے لیا گیا
—فائل فوٹوکراچی میں دو روز قبل گوجرانوالہ کے رہائشی جوڑے کے قتل کیس میں گوجرانوالہ سے کراچی پولیس نے 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں مقتولہ کا بھائی بھی شامل ہے، خاتون کی فیملی کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول کے اہلخانہ نے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا،کراچی پولیس کے ساتھ مل کر کیس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ مقتول ساجد کے والد نے 5 افراد کو مقدمے میں نامزد کرنے کا کہا ہے۔ قتل کا مقدمہ بوٹ بیسن تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی میں کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے جھاڑیوں کے پیچھے سے مرد اور خاتون کی لاشیں ملی تھیں جنہیں سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔