تعلیمی اداروں میں اسکاؤٹ یونٹ کا قیام لازمی قراردیا جائے، جسٹس ظفر راجپوت
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا ہے کہ سند بھر کے تعلیمی اداروں میں اسکاؤٹ یونٹ کا قیام لازمی قرار دیا جائے تاکہ ہم مستقبل کے لیے اچھے معمار تیار کر سکیں۔
وہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں جشن آزادی کی تقریبات کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ اسکارف ڈے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
تقریب سے صوبائی کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز اور صوبائی سیکرٹری سید اختر میر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کالجز پروفیسر نوید رب، انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے سابق ناظم امتحانات عمران چشتی، انور علی بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اسکاؤٹس مستقبل کے معمار ہیں، انہیں چاہیے کہ اچھے معاشرے کی تشکیل کے لئے بنیان المرصوص کو مشعل راہ بنائیں تاکہ قوم ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح معرکہ حق کیلئے متحد ہو جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسکاؤٹس معاشرے میں خاموش رہ کر جو خدمات انجام دے رہے ہیں، میری خواہش ہے کہ ایک دن ضرور انہیں اس کا صلہ ملے گا۔
صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز کا کہنا تھا کہ آج سے ملک بھر میں معرکہ حق جشن آزادی تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں سندھ بوائےاسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے ورلڈ اسکارف ڈے منا کر جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا ہے جو خوش آئند بات ہے۔
اسکاؤٹس تحریک سے وابستہ نوجوان مستقبل کے معمار ہیں وقت پڑنے پر یہ نوجوان وطن کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوسکتے ہیں۔
صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے اسکاؤٹ اسکارف کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوانوں کو با کردار بنانا اور مفید ہونا بہت ضروری ہے جو اسکاؤٹ تحریک کی تربیت کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔
تقریب میں مہمان خصوصی سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت کو صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز اور صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے اسکارف پہنایا اور انہیں شیلڈ پیش کی۔
اس موقع پر قائم مقام چیف جسٹس نے جسٹس (ر) شاہنواز طارق کو اسکارف پہنایا، تقریب میں اسکاؤٹ وعدہ دہرانے کے ساتھ ساتھ ملی نغمات بھی پیش کیے گئے۔
واضح رہے کہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 14 روزہ معرکہ حق جشن آزادی تقریبات کےسلسلے کی یہ پہلی کڑی تھی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: قائم مقام چیف جسٹس اسکاو ٹس ا اسکاو ٹ
پڑھیں:
سندھ ہائی کورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کردیا
مونس علوی کے وکیل نے موقف دیا کہ صوبائی محتسب نے عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے، کے الیکٹرک بین الصوبائی کمپنی کے لسبیلہ، حب وندر کو بھی بجلی فراہم کرتی ہے، وفاقی محتسب کو کیس کی سماعت کا اختیار ہے صوبائی محتسب کو اختیار نہیں ہے، صوبائی محتسب کی جانب سے دی گئی سزا غیر قانونی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی محتسب کی جانب سے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو 8 اگست کے لئے نوٹس جاری کردیئے۔ سندھ ہائیکورٹ میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کیخلاف خاتون کوہراساں کرنے سے متعلق صوبائی محتسب کے فیصلے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی اپنے وکیل بیریسٹر عابد زبیری کے ہمراہ پیش ہوئے۔ بیرسٹر عابد زبیری نے موقف دیا کہ سندھ میں وفاقی قانون لاگو ہوتا ہے لیکن صوبائی محتسب بنایا ہوا ہے۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے استفسار کیا کہ فیصلے میں کیا غلط ہے۔
مونس علوی کے وکیل نے موقف دیا کہ صوبائی محتسب نے عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے۔ کے الیکٹرک بین الصوبائی کمپنی کے لسبیلہ، حب وندر کو بھی بجلی فراہم کرتی ہے۔ وفاقی محتسب کو کیس کی سماعت کا اختیار ہے صوبائی محتسب کو اختیار نہیں ہے۔ صوبائی محتسب کی جانب سے دی گئی سزا غیر قانونی ہے۔ عدالت نے صوبائی محتسب کا مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ مونس علوی جرمانے کی رقم 25 لاکھ روپے ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کروائیں۔ عدالت نے صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو 8 اگست کے لیئے نوٹس جاری کردیئے۔