محمد سراج کا بین الاقوامی کرکٹ میں اہم سنگ میل، ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
کراچی:
بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا۔
محمد سراج نے نہ صرف انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا بلکہ بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو وکٹوں کے معاملے میں بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دوسرے دن کے کھیل میں جب بھارت کی پوری ٹیم صرف 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی تو سراج پرسدھ کرشنا کے ساتھ مل کر انگلینڈ کو واپس دباؤ میں لائے۔
دونوں بولرز نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی ٹیم کو 247 رنز پر آؤٹ کر دیا، سراج نے اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک اور جیمی اسمتھ جیسے اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس شاندار اسپیل کے بعد سراج کے ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 118 ہوگئی ہے جبکہ وہ ون ڈے میں 71 اور ٹی ٹوئنٹی میں 14 وکٹیں لے چکے ہیں۔
یوں محمد سراج کی بین الاقوامی وکٹوں کی مجموعی تعداد 203 ہو گئی ہے جو سچن ٹنڈولکر کی 201 وکٹوں سے زیادہ ہے۔
یہ سراج کا انگلینڈ میں چھٹا موقع تھا جب انہوں نے کسی ایک اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے جسپریت بمراہ کا پانچ چار وکٹوں والے اسپیلز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ایشیائی بولرز میں صرف پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انگلینڈ میں چھ بار چار یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 45 وکٹیں اپنے نام کیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بھارتی کپتان شبمن گل اور ٹیم نے ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا
لندن:بھارتی کرکٹ ٹیم 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے اور سیریز کا آخری میچ اوول میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بھارتی کپتان شبمن گل نے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کرکٹ کے گھر لندن کے اوول گراؤنڈ میں سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے قائم مقام کپتان اولی پوپ اور شمبن گل ٹاس کے لیے میدان میں اترے تو بھارتی ٹیم کو میچ کے باقاعدہ آغاز سے قبل جس ناپسندیدہ ریکارڈ کا خدشہ تھا وہ سچ بن گیا۔
شبمن گل ٹیسٹ سیریز کے تمام میچوں میں ٹاس ہار کر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور وہ بھارتی ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد تاحال ٹاس جیتنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔
اس ساتھ ہی یہ بھارتی ٹیم کا مسلسل 15 واں میچ تھا، جس میں انہیں ٹاس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی ٹیم اس ٹیسٹ سے قبل تمام طرز میں مسلسل 15 ٹاس جیت ہار چکی تھی اور جب اولی پوپ ٹاس کے لیے آئے تو دلچسپ ریکارڈ تھا کیونکہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں میں 4 میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دیے اور چاروں میچوں میں دونوں نے ٹاس جیتنے کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا۔
اولی پوپ نے سکہ اچھالا اور شبمن گل کی کال تھی لیکن قسمت ایک مرتبہ پھر ان پر مہربان نہیں ہوئی تاہم انگلینڈ کے کپتان ناپسندیدہ کارکردگی کا جمود توڑنے میں کامیاب ہوئے۔
بھارت اب تک دو ٹی ٹوئنٹی، 8 ون ڈے اور 5 ٹیسٹ میچوں میں مسلسل ٹاس ہارنے کا ریکارڈ بنا چکا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے لیے یہ 14 واں واقعہ ہے جب ٹیم مسلسل 5 میچوں میں ٹاس ہاری ہو اور انگلینڈ کے خلاف اس سے قبل 2018 میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے اب تک کھیلے گئے 4 میچوں میں انگلینڈ نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارت دوسرے ٹیسٹ میں 336 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ چوتھا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔
میزبان انگلینڈ کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لیے میچ میں کامیابی درکار ہے۔