لیاری کے انڈر 15 بوائز نے ناروے کپ 2025 جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
لیاری کے بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال کلب نے ناروے کپ 2025 کا بوائزانڈر 15 ٹائٹل جیت لیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ناروے کے دالحکومت اوسلومیں منعقدہ دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں کراچی کے علاقہ لیاری کے کھلاڑیوں پرمشتمل بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال کلب نے بوائز انڈر15 ایونٹ میں کامیابی حاصل کرلی۔
ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں ناروے کے یووک لین ایف سی کو 0-2 سے مات دے کرٹائٹل اپنے نام کیا۔
کھیل کے پہلے ہاف میں احمد علی نے اپنی ٹیم کوسبقت دلوائی، دوسرے ہاف میں اویس نے گول کرکے برتری کو دوگنا کردیاجوحتمی ثابت ہوئی۔
بیٹرفیوچرکلب نے گزشتہ برس بھی فائنل میں رسائی پائی تھی۔
دریں اثنا فاتح ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالراشد بلوچ نے کامیابی کو قوم کے نام کرتے ہوئے کہا کہ محنت رنگ لائی۔لیاری کے نوعمرفٹبالرزنے بہترین کارکردگی پیش کرکے پوری دنیا میں پاکستان کا نام فخرسے بلند کردیا۔
واضح رہے کہ ناروے کپ میں30 ممالک کی 2 ہزار سے زائد ٹیموں نے90 میدانوں میں ہونے والے مختلف ایج گروپس کے ایونٹس میں شرکت کی،ناروے کے بچوں اور نوجوانوں کی بہبود کے لیے سرکرداں سو سے زائد تنظیموں کی انجمن نیشنل کونسل آف نارویجن چلڈرن اینڈ یوتھ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والےٹورنامنٹ میں دنیا بھرسے ٹیمیں اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کرتی ہیں۔
ناروے کپ میں اسلام آباد کی پاکستان اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم بوائزانڈر17 ایونٹ کے پری کوارٹرفائنل میں گمبیا کی ٹیم سے ہار گئی تھی۔
یہ امر قابل ذکرہے کہ کراچی سے دوسری ٹیم لیاری فٹبال اکیڈمی سندھ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 83 لاکھ روپے کی امداد ملنےکے باجود تاخیرکے سبب ناروے کپ میں شریک نہ ہوسکی تھی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025: انڈیا کی دستبرداری، پاکستان چیمپئنز فائنل میں پہنچ گئے
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) 2025 کے سیمی فائنل میں بڑا موڑ سامنے آ گیا ہے، جہاں انڈیا چیمپئنز کی جانب سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد پاکستان چیمپئنز بغیر کھیلے ہی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ انڈیا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ ’عوامی جذبات‘ کو قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں لیجنڈز لیگ، پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے بھارت کا انکار، بھارتی میڈیا
انڈیا چیمپئنز نے گروپ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کو بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، اور وہ پاکستان چیمپئنز کے خلاف ایک ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے۔ تاہم، میچ کنفرم ہونے کے بعد ہی غیر یقینی صورتحال نے جنم لیا، جس کا انجام دستبرداری کی صورت میں نکلا۔
ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے ایک بیان میں کہا کہ ہم کھیل کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں جو دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ تاہم، عوامی جذبات کا احترام ہمارے لیے اولین ترجیح ہے۔ انڈیا چیمپئنز کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، اور پاکستان چیمپئنز کی تیاری کو بھی سراہتے ہیں۔
اب پاکستان چیمپئنز فائنل میں جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا چیمپئنز کے خلاف ہفتہ کو مدِمقابل ہوں گے۔
یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں پاکستان چیمپئنز نے 5 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ انڈیا چیمپئنز چوتھی پوزیشن پر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کا خوف، پاک بھارت لیجنڈز کرکٹ میچ منسوخ، شائقین میں شدید مایوسی
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انڈیا چیمپئنز نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا ہو — وہ گروپ مرحلے میں بھی اسی فیصلے کے تحت میدان میں نہ اُترے تھے۔
اب تمام نگاہیں ہفتہ کو ہونے والے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں پاکستان چیمپئنز ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بھارت پاکستان چیمپیئنز ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025