ایک اور شوبز جوڑی میں علیحدگی، حنا رضوی کی پوسٹ مداحوں کو افسردہ کرگئی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ شرمین حنا رضوی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
حنا رضوی نے متعدد مشہور ڈراموں میں کام کیا، جن میں تشنگی دل کی، امید، ہری ہری چوڑیاں، نیلی زندہ ہے، قدوسی صاحب کی بیوہ، کالج گیٹ، فیری ٹیل 1 اور 2 شامل ہیں۔ فیری ٹیل میں ان کے کردار ’’آغو جان‘‘ کو خاص طور پر سراہا گیا۔
اپریل 2024 میں حنا رضوی نے اپنے قریبی دوست اور اداکار عمار احمد خان سے شادی کی تھی، جو ڈرامہ سیریل بےشرم کےلیے مشہور ہیں۔ ان کی شادی ایک شاندار تقریب تھی، جس میں دونوں کے قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔
تاہم آج حنا رضوی نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے اپنی علیحدگی کی خبر دی۔ انہوں نے لکھا:
’’بہت دکھی دل کے ساتھ میں اعلان کرتی ہوں کہ میرے اور عمار احمد خان کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔ میں سب سے گزارش کرتی ہوں کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور ہم دونوں کو اس رشتے کے مستقبل کے بارے میں مزید سوچنے کےلیے وقت درکار ہے۔ تب تک، براہِ کرم ہمیں جج نہ کریں کیونکہ شادی کے تعلق کی اصل نوعیت صرف ان دو افراد کو معلوم ہوتی ہے جو اس بندھن میں جڑے ہوتے ہیں۔ شکریہ۔‘‘
حنا نے اپنے دوستوں سے بھی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی اور لکھا ’’ایک عاجزانہ درخواست ہے .
انہوں نے کچھ سوشل میڈیا اسٹوریز بھی شیئر کیں جن کے کیپشنز سے ان کی علیحدگی کا عندیہ ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اور میرے شوہر عمار اس وقت علیحدگی کے مرحلے میں ہیں، لیکن طلاق کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ہم دونوں کو کچھ وقت اور جگہ درکار ہے تاکہ ہم اس رشتے کے بارے میں بہترین فیصلہ کرسکیں۔‘‘
شادی سے متعلق اس اہم خبر پر بات کرتے ہوئے، حنا نے چند ویڈیوز میں اپنی علیحدگی کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور ان لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کی زندگی کے اس نازک لمحے پر منفی تبصرے کررہے ہیں۔ شرمین حنا رضوی نے سوشل میڈیا پر ملنے والی تنقید پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
ویڈیوز میں وہ خاصی دل گرفتہ نظر آئیں، جنہیں بعد میں ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا گیا۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حنا رضوی نے سوشل میڈیا
پڑھیں:
’تضحیک بند کریں، انسانیت دکھائیں‘ جگن کاظم اپنے ہی مداحوں پر کیوں برس پڑیں؟
کراچی(نیوز ڈیسک) اداکارہ، میزبان اور یوٹیوبر جگن کاظم نے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مشہور شخصیات کے خلاف مسلسل تضحیک آمیز رویے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی جب جگن نے اداکارہ علیزے شاہ سے نہ صرف نجی طور پر بلکہ برسرعام بھی صلح کر لی، تاہم سوشل میڈیا پر جاری منفی تبصروں نے انہیں شدید ردعمل ظاہر کرنے پر مجبور کردیا، انہوں نے کہا:
’ہم بطور قوم، بطور انسان اتنے بے حس کیوں ہو گئے ہیں؟‘
اپنے یوٹیوب چینل پر 10 منٹ کی ویڈیو میں جگن کاظم نے کہا:
’ہمیں دوسروں کو دکھ دینا کیوں اچھا لگتا ہے؟ علیزے اور میرے درمیان معاملہ حل ہو گیا ہے، لیکن ٹرولنگ ابھی تک جاری ہے۔ ایک انسان غلطی کرتا ہے، معافی مانگتا ہے، تو یہ اتنا بڑا مسئلہ کیوں بن جاتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ اس معافی کو بھی شکوک و شبہات کی نظر سے دیکھ رہے ہیں کہ آیا یہ سچ تھی، ضروری تھی، یا علیزے کے لیے فائدہ مند بھی ہوگی یا نہیں۔
جگن نے واضح کیا کہ وہ علیزے کے ساتھ ہونے والی نجی بات چیت کو عوامی سطح پر شیئر نہیں کریں گی، اگرچہ کچھ فالوورز نے اس کی درخواست بھی کی۔
لیکن جو چیز جگن کو سب سے زیادہ رنجیدہ اور برہم کر گئی، وہ علیزے شاہ کے خلاف جاری ٹرولنگ تھی۔
انہوں نے علیزے کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان اداکارہ نے ان کی معذرت کا ’خوبصورت جواب’ دیا، مگر علیزے کے خلاف مسلسل منفی تبصروں نے جگن کو اجتماعی بے حسی پر سوال اٹھانے پر مجبور کر دیا۔
’علیزے کا دل ٹوٹا ہوا ہے۔ وہ ایک تکلیف دہ تجربے سے گزر رہی ہے — ایک ایسا تجربہ جس میں میرا بھی ہاتھ تھا۔ لیکن ہمارے معاشرے میں جب کوئی شخص جذباتی اذیت سے دوچار ہوتا ہے، تو ہم اسے سہارا دینے کے بجائے، مزید زخم دیتے ہیں۔‘
جگن نے کہا کہ علیزے دماغی صدمے سے گزر رہی ہے، اور ایسی حالت میں محبت اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے، نہ کہ نفرت اور طنز کی۔
اختتام پر جگن کاظم نے سوشل میڈیا پر منفی طرز عمل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا:
’لوگوں کے پاس اتنا فالتو وقت ہے کہ کسی کو آن لائن فالو کرتے ہیں، اور پھر اس کے ہر پوسٹ پر تبصرہ کر کے اسے ذلیل کرتے ہیں؟ کیا یہی بچا ہے ہمارا تفریح کا ذریعہ؟’
اگر ہم خود اپنے لوگوں کو عزت نہیں دیں گے، تو کون دے گا؟‘