نوازشریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کے چچازاد بھائی کی نماز جنازہ ادا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کے چچازاد بھائی میاں شاہد شفیع انتقال کرگئے جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں نواز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق میاں شاہد شفیع کچھ عرصہ سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، میاں شاہد شفیع مرحوم کا جسد خاکی گذشتہ رات دو بجے کے بعد مری سے اتفاق اسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔
نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد جامعہ مسجد اتفاق ماڈل ٹاؤن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف، سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز، صوبائی وزیر بلال یاسین، امیر مقام ،میاں جاوید لطیف، چودھری شیر علی، چودھری عابد شیر علی، سہیل ضیاء بٹ، عمر سہیل ضیا ء بٹ، رانا محمد ارشد، روحیل منیر، وقاص قریشی، میاں فیصل وحید ، اشتیاق احمد لون سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض پہنچ گئے ، وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
کنگ خالد ایئر پورٹ ریاض پہنچنے پروزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کنگ خالد ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا، ریاض آمد پر وزیراعظم کو 21توپوں کی سلامی دی گئی۔
سعودی عرب کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔
ایئر پورٹ پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔