پاکستان کشمیریوں کے جائز حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے، گورنر پنجاب
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کے جائز حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا غیر قانونی اقدام ہے، اس افسوسناک دن پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کی بھرپور
پڑھیں:
سردار عتیق کا پروفیسر عبدالغنی بٹ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار
صدر مسلم کانفرنس نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ ایک عظیم مفکر، دانشور اور تحریک آزادی کے بے مثال رہنما تھے۔ اسلام ٹائمز۔ صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے تحریک آزادی کشمیر کے نامور رہنما، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سری نگر کے صدر، حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین و ترجمان پروفیسر عبدالغنی بٹ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے دی جانے والی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ ایک عظیم مفکر، دانشور اور تحریک آزادی کے بے مثال رہنما تھے۔ یہ ان کا بڑا اعزاز تھا کہ انہوں نے 80ء کی دہائی کے آخر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم کانفرنس کا دوبارہ احیاء کیا اور صدر منتخب ہوئے۔ ان کے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے ساتھ انتہائی قریبی روابط تھے۔ مجاہد اول نے انہیں پوری ریاست کے لیے مسلم کانفرنس کی صدارت کی پیشکش بھی کی تھی مگر انہوں نے قیادت کو تقسیم کرنے کے بجائے مجاہد اول کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی نظریہ الحاقِ پاکستان، "کشمیر بنے گا پاکستان" اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے وقف کر دی۔ ان کی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ سردار عتیق احمد خان نے پروفیسر عبدالغنی بٹ کے اہلخانہ، دوست احباب، مقبوضہ کشمیر میں مسلم کانفرنس اور حریت کانفرنس کے قائدین و کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور پوری کشمیری قوم کو یہ سانحہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔