اسلام آباد:

قومی اسمبلی نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔  

وزیر امور کشمیر امیر مقام نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے مطابق یہ ایوان بھارتی اقدامات کو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے پر زور مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان آزاد کشمیر گلگت بلتستان سے متعلق بیانات کی بھی مذمت کرتا ہے۔

یہ ایوان اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل اور مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

قبل ازیں،  پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کے 40 روز سے زائد ایوان سے غائب رہنے پر اسپیکر نے نوٹس لے لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شیخ وقاص اکرم کے مسلسل ایوان سے غیر حاضر رہنے پر ایوان کو بتانا ضروری ہے، جو رکن بغیر بتائے ایوان سے غائب رہے اس کی نشست کسی رکن کی نشاندہی پر خالی قرار دی جا سکتی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی 40 دن تک غیر حاضر ہو تو اسپیکر ایوان کے نوٹس میں لاتا ہے، آرٹیکل 64 کے تحت ایسے رکن کی نشست کو خالی قرار دے سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رکن عامر ڈوگر نے کہا کہ آپ نے ہمارے اراکین کو دس دس سال سزا دے دی، اگر سب کو باہر پھینک دیا تو یہ کہاں کا ایوان رہ گیا، دس اراکین اس ایوان سے اٹھائے گئے آپ نے ایکشن نہیں لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بتائیں میں نے پروڈکشن آرڈر جاری کیا یا نہیں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ شیخ وقاص اکرم کی درخواستیں آپ کے دفتر میں آچکی ہیں، آپ نے ایم این ایز کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا اور بانی پی ٹی آئی جھکا نہیں اس لیے جیل میں ہے، جھک جاتے تو اس ایوان میں ہوتے اور اگر یہ سب کچھ کرنا ہے تو ایوان کو تالا لگا دیں۔

وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے اور آپ یوم استحصال عمران منا رہے ہیں، یہ یوم استحصال عمران کسی اور دن بھی منا سکتے تھے۔

اپوزیشن کو بولنے کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر امور کشمیر کی مسئلہ کشمیر پر قرارداد سن لیں۔

وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ یوم استحصال کشمیر پر قرارداد منظور کر لینے دیں پھر احتجاج کر لینا، جس پر اپوزیشن نے کشمیر پر قرارداد کے لیے احتجاج روکنے کی کوشش کی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس ایوان کی توقیر بڑھانے میں اور ایوان کو چلانے میں اپوزیشن کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا حکومت کا ہے، وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کی کرسی پر جا کر کہا کہ آئیں بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کی آڑ میں مسلح جتھوں کی یلغار ہوئی ہے، یہ یوم استحصال بانی پی ٹی آئی منا رہے ہیں، یوم استحصال کشمیر زیادہ اہم ہے یا یوم استحصال بانی پی ٹی آئی زیادہ اہم ہے؟

اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کے باوجود وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل کشمیری عوام پہ مظالم ڈھا رہا ہے، بھارت نے غیر قانونی طور پہ آرٹیکلز370 اور 35اے کو یکطرفہ طور پہ ختم کر دیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا، بچوں کو یتیم کیا اور خواتین کو بیوہ بنایا۔ ان مظالم کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کم نہیں ہو پائی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مطابق دو گھنٹے قومی اسمبلی اجلاس میں تقاریر کے بعد اڈیالہ جائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب اراکین اسمبلی ثمر ہارون بلور اور سعیدہ جمشید سے حلف لیا۔

دونوں اراکین کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، ثمر ہارون بلور اور سعیدہ جمشید مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئی ہیں۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: اسپیکر قومی اسمبلی یوم استحصال کشمیر قومی اسمبلی نے نے کہا کہ پی ٹی آئی یہ ایوان ایوان سے کرتا ہے

پڑھیں:

سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر کی اچانک طبیعت ناساز ،آئی سی یو میں داخل

ویب ڈیسک : سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی کی اچانک طبیعت ناساز ہوگئی ،آئی سی یو میں داخل   کروادیا گیا 

 گزشتہ رات اپنی رہائشگاہ پر آغا سراج درانی کا بلڈ پریشر ہائی ہوگیا ،تکلیف شروع ہونے کے بعد انہیں فوری کراچی ہسپتال لایا گیا، جہاں انہیں آئی سی یو میں داخل  کر لیا گیا۔

ہسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ  آغا سراج درانی کا علاج کیا جا رہا ہے، ان کی  طبیعت ٹھیک ہورہی ہے اور انہیں جلد گھر منتقل کر دیا جائے گا۔

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ، ٹیم اسٹیڈیم کیلئے روانہ

متعلقہ مضامین

  • اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی شمولیت سے متعلق اہم پیش رفت، قرارداد منظور
  • پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
  • پنجاب اسمبلی میں پاک سعودی دفاعی معاہدے کے حق میں قرارداد جمع
  • امریکی ایوانِ نمائندگان نے الہان عمر کے خلاف سرزنش کی قرارداد مسترد کر دی
  • پاکستان امت مسلمہ کی واحد امید ہے، اسپیکر قومی اسمبلی
  • سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر کی اچانک طبیعت ناساز ،آئی سی یو میں داخل
  • پنجاب اسمبلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف قرارداد منظور
  • پنجاب اسمبلی: سکولوں میں موبائل فونز پر پابندی، فلسطینیوں سے یکہجہتی سمیت 7 قراردادیں منظور
  • کیا قومی اسمبلی مالی سال سے ہٹ کر ٹیکس سے متعلق بل پاس کر سکتی ہے: سپریم کورٹ
  • کسانوں پر زرعی ٹیکس کے نفاذ پر اسپیکر پنجاب اسمبلی برہم