اے ڈی پورٹس گروپ نے اسٹریٹجک موجودگی کو وسعت دیتے ہوئے اسلام آباد میں دفتر قائم کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
عالمی تجارت، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی کے نمایاں ادارے اے ڈی پورٹس گروپ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں باضابطہ طور پر اپنا پہلا نمائندہ دفتر قائم کر دیا۔ یہ اقدام گروپ کی بین الاقوامی وسعت کے سفر میں اہم سنگ میل اور جنوبی و وسطی ایشیاء میں تجارت اور لاجسٹکس کو فروغ دینے لئے اس کی طویل المدتی وابستگی کی علامت ہے۔ گروپ کے دنیا بھر میں موجود 140 سے زائد دفاتر پر مشتمل عالمی نیٹ ورک کو مستحکم بناتے ہوئے اور پاکستان کی اہم وفاقی وزارتوں، عریگولیٹری اداروں اور سرکاری ادارون کے قریب اسٹریٹجک مقام پر واقع اسلام آباد میں قائم نیا دفتر حکومت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط کو مزید گہرا کرنے اور ترجیحی بنیادی ڈھانچے و تجارتی اقدامات کو فروغ دینے کے لئے کلیدی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ یہ دفتر جو کلائنٹس سے براہ راست رابطے اور انتظامی سرگرمیوں کا مرکز بھی ہوگا، جاری آپریشنز کو سہولت فراہم کرے گا اور بندرگاہوں، سمندری امور، لاجسٹسکس اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داریوں کو بھی ممکن بنائے گا۔ افتتاحی تقریب میں معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے بحری امور مہمد جنید انور چوہدری، وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی، ریجنل سی ای او اے ڈی پورٹس گروپ عبدالعزیز زید الشامسی، ریجنل سی ای او اے ڈی پورٹس گروپ عبدالعزی البلوشی اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔ تقریب میں ان معزز شخصیات کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ اسلام آباد آفس کا افتتاح اے ڈی پورٹس گروپ کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی اعلیٰ اثر انگیز سرمایہ کاریوں کے سلسلے کی کڑی ہے جن میں 295 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے جو کراچی پورٹ کے ایسٹ وار پر کنٹینر، بلک اور جنرل کارگو ٹرمینلز کی ترقی اور بہتری کے لئے مختص کی گئی ہے۔ یہ سرمایہ کاریاں گروپ کی اُس اسٹریٹجک حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں جس کا مقصد پاکستان کو ایک علاقائی تجارتی اور لاجسٹکس مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او اے ڈی پورٹس گروپ کیپٹن محمد جمعہ ال شمیسی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارے دفتر کا افتتاح ہماری عالمی توسیع کی حکمت عملی میں سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ ہماری گہری اور دیرپا وابستگی کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ اقدام سرکاری اداروں اور اسٹریٹجک شراکت دارون کے ساتھ مزید قریبی تعاون کو ممکن بنائے گا اور اے ڈی پورٹس گروپ کو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ایک کلیدی شراکت دار کے طور پر نمایاں مقام دے گا۔ ہماری موجودگی میں مسلسل اضافہ اہم بندرگاہوں کے انفراسٹرکچر میں نمایاں سرمایہ کاری پر منی ہے، ہمارے قائدانہ وژن کے عین مطابق ہے جو تجارتی سہولت، صنعتی تنوع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ پاکستان کو وسطی ایشیا کے لیے ایک سمندری گیٹ وے کے طور پر ایک اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت حاصل ہے جو اسے اے ڈی پورٹس گروپ کے اس وسیع تر وژن میں ایک کلیدی جزو بناتی ہے جس کا مقصد چین سے یورپ تک پھیلی ہوئی مربوط تجارتی راہداری کی ترقی ہے۔ گروپ اس راہداری کے ساتھ منسلک اہم منڈیوںجیسے قازقستان، ازبکستان اور جارجیا میں پہلے ہی اسٹریٹجک رسائی حاصل کر چکا ہے۔2022ء میں اے ڈی پورٹس گروپ کاھیل ٹرمینلز کے ساتھ شراکت داری کے تحت کراچی پورٹ کے ایسٹ وہارف پر کنٹینر ٹرمینلز (برتھ 6 تا 10) کی ترقی اور آپریشن کے لیے تاریخی 50 سالہ رعایت کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہوا۔ اس کے بعد 2023 ء میں جنرل اور بلک کارگو کے لیے برتھ 11 تا 17 کی ترقی اور انتظام کے لیے دوسری 50 سالہ رعایت پر دستخط کیے گئے۔ اپنے آپریٹنگ ادارے کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ (KGTL) کے ذریعے گروپ نے عالمی معیار کے آپریشنل سسٹمز، جدید آلات اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار متعارف کرائے جس کے نتیجے میں ٹرمینل کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا، جہازوں کی بندرگاہ پر قیام کا وقت کم ہوا اور کارگو تھرو پٹ میں خاطر خواہ بہتری آئی۔ یہ بہتریاں کراچی پورٹ کو ایک اہم لاجسٹکس حب کے طور پر نئی بلندیوں پر لے گئی ہیں جس سے پاکستان کے برآمدی انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور مسابقت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ پیش رفت ملک کے اقتصادی تنوع کے ایجنڈے میں بھی مؤثر طور پر معاون ثابت ہو رہی ہے۔ اسی دوران اے ڈی پورٹس گروپ نے پاکستان میں اپنے مربوط لاجسٹکس اور ڈیجیٹل تجارتی نظام کو وسعت دینے کے لیے کئی اعلیٰ سطحی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں پاکستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) جس کا مقصد کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے قریب وقف شدہ صنعتی زون کے قیام کے امکانات کا جائزہ لینا ہے، پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدہ جس کے تحت ایک متحدہ ڈیجیٹل تجارتی پلیٹ فارم کی مشترکہ تیاری شامل ہے تاکہ کسٹمز اور تجارتی طریقہ کار کو سہل اور مؤثر بنایا جا سکے، بحریہ فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک جس کا مقصد ڈریجنگ، ویسل پولنگ اور میرین سروسز کو بہتر بنانا ہے، نوٹم لاجسٹکس جو اے ڈی پورٹس گروپ کا ذیلی ادارہ ہے، کی جانب سے کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ (KGTL) کے ساتھ شراکت میں ایک ملٹی ماڈل لاجسٹکس کاریڈور کے قیام کی پہل شامل ہیں جو پاکستان کو وسطی ایشیا سے مربوط کرے گا۔ یہ نظام فضائی، سمندری اور زمینی ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ ویئر ہاؤسنگ، تقسیم کاری اور کولڈ چین انفراسٹرکچر پر مشتمل ہوگا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بلوچستان، ستمبر میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ، حکومت امن قائم کرنے کے لیے کیا کررہی ہے؟
بلوچستان ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ صرف ستمبر کے مہینے میں دہشت گردی کے 9 واقعات پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 32 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہوئے۔
یہ واقعات صوبے کے مختلف شہروں اور اضلاع میں رونما ہوئے جن میں سیاسی جلسے، سیکیورٹی فورسز اور عام شہری براہِ راست نشانہ بنے۔
یہ بھی پڑھیے: ’ 4 فٹ کے فاصلے پر موت کھڑی تھی‘، سریاب روڈ دھماکے میں بچ جانے والوں پر کیا گزری؟
ستمبر کا پہلا اور سب سے بڑا واقعہ 2 تاریخ کو کوئٹہ کے سریاب روڈ پر ہوا جہاں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے جلسے کے دوران شاہوانی اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکا کیا گیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوئے۔
5 ستمبر کو ضلع کیچ کے علاقے مند میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس میں 2 اہلکار شہید ہوئے۔ 15 ستمبر کو تربت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار جان سے گئے۔
17 ستمبر کو ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے 2 دھماکے ہوئے جن میں 3 شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔ اسی دن ضلع ژوب کے علاقے شیرانی میں مسلح افراد نے پولیس اور لیویز تھانوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، 2 لیویز اہلکار زخمی ہوئے اور ایک اہلکار کو اغوا کر کے ساتھ لے جایا گیا۔ 18 ستمبر کو تربت میں قومی شاہراہ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دھماکے کی زد میں آئی جس سے 8 اہلکار زخمی ہوئے۔
اسی روز پاک افغان سرحدی شہر چمن میں ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب بم دھماکا ہوا جس میں 6 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ ان واقعات کے تسلسل کے بعد 19 ستمبر کو خضدار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آغا شکیل کی رہائش گاہ پر دستی بم حملہ کیا گیا جس میں 6 افراد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: چمن میں دھماکا: 5 افراد جاں بحق، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت
ان بڑھتے ہوئے واقعات پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘دہشت گردی مذہب یا قومیت کے نام پر ہو، عوامی حقوق اور ترقی سے کوئی تعلق نہیں رکھتی۔ بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں اور کسی صورت سرنڈر نہیں کیا جائے گا۔ قوم پرستی یا مذہب کے نام پر بندوق اٹھانے والے دراصل ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔’
دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر صوبائی اسمبلی نے حال ہی میں انسداد دہشت گردی اور فرانزک سائنس کا ترمیمی بل منظور کیا ہے۔ اس بل کے تحت عدالتوں میں ویڈیو لنک، آواز بدلنے، خفیہ شناخت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مقدمات چلائے جائیں گے تاکہ ججوں، وکلا اور گواہوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی مشاورت سے ایک اتھارٹی قائم ہوگی جو ان مقدمات کی نگرانی کرے گی۔
اس دوران سیکیورٹی ادارے بھی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں اور مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں۔ بعض حساس علاقوں میں موبائل فون سروسز بھی معطل کی گئی ہیں تاکہ دہشت گردوں کے رابطے منقطع کیے جا سکیں تاہم اس فیصلے سے عام شہریوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔
تجزیہ نگاروں کا مؤقف ہے کہ اگرچہ نئی قانون سازی اور سخت سیکیورٹی اقدامات حکومت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں لیکن دہشت گردوں کی مسلسل کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ مسئلہ صرف عسکری یا قانونی نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی بھی ہے۔ قوانین اور موبائل سگنل کی معطلی وقتی اقدامات ہیں مگر پائیدار امن کے لیے عوامی اعتماد، سیاسی ہم آہنگی اور ترقیاتی منصوبے ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: لیویز اور پولیس تھانوں پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی
بلوچستان کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ریاست طاقت اور قانون کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر ایک ایسی حکمتِ عملی اپنائے جو نوجوانوں کو دہشت گردی کے نیٹ ورکس سے دور رکھ سکے اور انہیں تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرے۔ بصورت دیگر یہ پرتشدد سلسلہ کسی نئے رخ کے ساتھ دوبارہ جنم لیتا رہے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بلوچستان پاک آرمی حملہ دھماکا دہشتگردی