بنوں; ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کا حملہ، ایک اہلکار شہید، تین زخمی
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
بنوں (نیوز ڈیسک) بنوں میں بکاخیل تختی خیل میں نامعلوم افراد نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے حملے میں مینا خان نامی ایف سی اہلکار شہید جب کہ 3 شدید زخمی ہیں۔ پولیس نے شہید اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا۔
واقعے کے بعد ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب بنوں ہوید میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کا مقصد علاقے کو دہشت گردی سے پاک کرنا اور دیرپا امن قائم کرنا ہے۔ آپریشن ڈی پی او بنوں سلیم عباس کی نگرانی میں جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے۔ گھر گھر تلاشی جاری ہے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مزاحمت کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ عوام کی حفاظت کے پیش نظر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔
Post Views: 5.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایف سی
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔