Express News:
2025-08-18@05:53:04 GMT

خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کی قیامتیں

اشاعت کی تاریخ: 18th, August 2025 GMT

صرف خیبر پختونخوا میں ہی 16اگست2025 کو یومِ سوگ نہیں منایا گیا ، بلکہ سارا پاکستان سوگوار اور اشکبار ہے ۔ کے پی کے میں جو قیامتیں برپا ہُوئی ہیں ، غیر معمولی ہیں ۔یہ قیامتیں کسی انسان یا ٹی ٹی پی ایسے کسی دہشت گرد گروہ نے نہیں ڈھائی ہیں ۔ یہ فطرت اور قدرت کی طرف سے نازل ہُوئی ہیں ۔ اور فطرت کی طاقتوں کے سامنے انسان اور حکومتیں بے بس ہو جاتی ہیں ۔

خیبر پختونخوا کی حکومت بھی فطرت و قدرت کی طرف سے اچانک ڈھائی گئی قیامتوں کے سامنے بے بس ہے۔ طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے سے خیبرپختونخوا میں 300سے زائد افراد سیلابی پانیوں میں ڈُوب کر شہید ہو گئے ہیں ۔ اسلامی روایات کے مطابق جو شخص اچانک آگ لگنے یا سیلابی پانیوں میں ڈُوب کر جاں بحق ہو جائے ، شہید ہی کہلاتا ہے ۔ واللہ اعلم ۔

خیبر پختونخوا میں اچانک انسانوں پر نازل ہونے والی یہ سماوی قیامتیں 14اور15اگست2025 کی درمیانی شب نازل ہُوئیں اور گہری نیندوں میں بے خبر سوئے سیکڑوں افراد کے لیے موت کا سبب بن گئیں۔ اتوار کی صبح جب یہ سطور رقم کی جارہی ہیں ، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیلابی پانیوں نے 300 سے زائد افراد کی زندگیاں نگل لی ہیں ۔ ممکن ہے اموات اِس تعداد سے بھی متجاوز ہوں کہ حکومتیں ، بوجوہ، حادثات اور سماوی آفات میں عوام کے ہونے والے جانی و مالی نقصان کا تعدد اور تخمینہ کم ہی بتاتی ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا کے علاقے ’’بونیر‘‘ میں ہُوئی ہیں : 190کی تعداد میں ۔اِ س کے بعد شانگلہ میں 36، مانسہرہ میں 23، سوات میں 22، باجوڑ میں 23، بٹگرام میں 51اور دِیر میں 7 !!

خیبرپختونخوا میں ہونے والی اِن سیکڑوں اموات پر ہم سب افسردہ اور دلگیر ہیں۔ہم جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی دعائیں کر رہے ہیں اور اُن کے لواحقین سے صبر و تحمل اور حوصلہ پکڑنے کی توقع رکھتے ہیں ۔ اِس کے علاوہ اور چارہ ہی کیا ہے؟ کسی کو بھی اِس ہلاکت خیز سیلاب کی توقع نہیں تھی ۔ یہ اچانک رُونما ہُوا اور سب کچھ بہا کر لے گیا ۔ خیبر پختونخوا میں گھر گھر صفِ ماتم بچھی ہُوئی ہے ۔ جو مالی نقصانات ہُوئے ہیں ، وہ بے انداز اور لاتعداد ہیں ۔ کئی گاؤںجو صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں ، اُن کی ازسرِ نَو آباد کاری سہل نہیں ہے ۔

صوبائی اور مرکزی حکومت کو اِس پر کروڑوں ، اربوں روپے خرچ کرنا پڑیں گے ۔ خیبرپختونخوا ، جو پہلے ہی ٹی ٹی پی ایسے خونخوار اور ملک دشمن فتنے کی کارستانیوں کے سبب آئے روز خون میں نہا رہا ہے ، اب سیلابی پانیوں کی تباہ کاریوں کے کارن نئی افتادات میں گھِر گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت کا وفاقی حکومت کے ساتھ جو عدم اعتماد اور عدم تعاون کا رویہ ہم پچھلے کئی برسوں سے دیکھ رہے ہیں ، اِس پس منظر میں خیبر پختونخوا کے آفت زدہ علاقوں کی تعمیرِ نَو اور بحالی کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو اپنے اپنے سیاسی اختلافات پسِ پشت ڈال کر تعمیرِ نَو کی طرف بڑھنا ہوگا ۔ اور وہ صاحب جو پسِ دیوارِ زنداں ہیں ، انھیں بھی اپنے آفت زدہ عوام کے اجتماعی مفادات کے لیے اپنے اشتعال انگیز بیانات سے چند دنوں کے لیے پرہیز کرنا ہوگا ۔

خیبر پختونخوا میں وقوع پذیر ہونے والی تباہ کاریاں ہمہ گیر ہیں ۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہونے والے اَن گنت جانی و مالی نقصانات اِس کے علاوہ ہیں ۔سیلابوں نے وہاں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ خیبرپختونخوا میں منہ زور اور قیامت خیز سیلابی پانیوں میں گھِرے لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ایک سرکاری ہیلی کاپٹر بھی بروئے کار آیا ۔ افسوس اور رنج کی بات یہ ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر بھی ناساز گار فضاؤں کی نذر ہوکر کریش ہو گیا ۔

اُس کے دونوں پائلٹ بھی شہید ہو گئے اور عملے کے تین دیگر افراد بھی ۔شہید ہونے والے یہ پائلٹ اور اُن کے ساتھی ہمارے قومی ہیرو ہیں ۔ ہمیں اُن پر فخر ہے کہ انھوں نے دوسروں کی جانیں بچاتے بچاتے اپنی جانیں قوم و ملک پر نچھاور کر دیں ۔ حال ہی میں حکومت نے ریوڑیوں کی طرح قومی اعزازات لوگوں میں بانٹے ہیں ، ہماری گزارش اور درخواست ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کے مذکورہ سبھی افراد کو قومی اعزازت سے نوازا جائے کہ ہمارے سامنے اِن شیر دل اور حقیقی معنوں میں جانباز افراد نے اپنی قیمتی زندگیاں قوم و ملک پر قربان کر دیں ۔ قومی اعزاز پانے کے لیے اِس سے بڑا اور بڑھ کر میرٹ اور کیا ہوسکتا ہے؟

خیبرپختونخوا میں برسنے والی یہ سماوی قیامتیں اور ہلاکت خیز سیلاب کلاؤڈ برسٹ (Cloudburst) کے سبب بتائی جارہی ہیں۔ کلاؤڈ برسٹ ایک بالکل نیا فنامنا ہے ۔ موسمیات کی تبدیلیوں کے ماہرین اِس نئے اور ہلاکت خیز فنامنا کو عالمی سطح پر جنم لینے والی موسمیاتی تبدیلیوں (Climate Changes) سے جوڑ رہے ہیں۔ ہم نے بچپن تا جوانی اوراب بڑھاپے تک ’’کلاؤڈ برسٹ‘‘ کا لفظ کم کم سُنا تھا ۔ لیکن اب ہمارے میڈیا میں دن رات اِس لفظ کی گردان ہو رہی ہے ۔ انگلش اُردواوکسفرڈ ڈکشنری میں Cloudburstکا معنی ’’بارش کا طوفان‘‘ بتایا گیا ہے ۔

اِس کا ایک معنی و مطلب ’’ بادلوں کے اچانک پھٹنے‘‘ سے بھی تعبیر کیا گیا ہے ۔ ہمارے نزدیک یہی زیادہ با معنی اور قرینِ قیاس ہے۔خیبرپختونخوا کے نصف درجن کے قریب علاقوں میں بادل جس طرح اچانک پھٹ کر سیکڑوں اموات اور بے شمار مالی نقصانات کا موجب بنے ہیں ، اِس نے ’’کلاؤڈ برسٹ‘‘ کو ثانی الذکر کے معنی کے قریب تر کر دیا ہے۔عالمی سطح پر کلاؤڈ برسٹ کو اِن الفاظ میں Defineکیا گیا ہے :’’بادل پھٹنا ایک مختصر وقت میں انتہائی زیادہ بارش کوکہا جاتا ہے ۔ یہ عمل بعض اوقات اولوں اور گرج چمک کے ساتھ ہوتا ہے ۔ یہ اچانک بڑے بڑے سیلاب پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ بادل پھٹنے کے دوران بہت تیزی سے بڑی مقدار میں پانی برستا ہے ۔

مثال کے طور پر: 25ملی میٹر بارش فی مربع کلومیٹر تقریباً25ہزار میٹرک ٹن پانی کے برابر ہوتی ہے ۔بادل پھٹنے کے واقعات کم کم وقوع پذیر ہوتے ہیں کیونکہ یہ صرف اووَر جرافک لفٹ ( پہاڑوں یا بلندیوں پر ہوا کا اچانک اوپر اُٹھنا)کے ذریعے یا کبھی کبھار جب گرم ہوا کے جھونکے ٹھنڈی ہوا سے ملتے ہیں۔ اِس کے نتیجے میں اچانک گاڑھا پَن (Condensation)ہوتا ہے ، تب یہ کلاؤڈ برسٹ ہوتے ہیں ۔ بادل پھٹنے کی اصطلاح اِس خیال سے بھی نکلی کہ بادل پانی کے غبارے کی مانند ہوتے ہیں اور کسی بھی وقت پھٹ سکتے ہیں جس کی وجہ سے تیزی کے ساتھ تباہ کن بارش ہوتی ہے ۔اگرچہ ’’Ballons in Clouds‘‘ کا تصور اب سائنسی طور پر غلط ثابت ہو چکا ہے ، مگر یہ اصطلاح اب بھی عالمی سطح پر مستعمل ہے ۔‘‘

کلاؤڈ برسٹ کی Definitionsخواہ جتنی مرضی کر لی جائیں ، واقعہ یہ ہے کہ یہ تباہ کن عمل دراصل موسمیاتی تبدیلیوں سے منسلک ہے ۔ اور موسموں کی فطرت کو بگاڑنے میں مغربی ممالک کی صنعتی دُنیا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے ۔ اُن کے انسانیت دشمن اور فطرت دشمن جرائم کی سزا ہم غریب ملکوں کو مل رہی ہے۔اور ظلم یہ ہے کہ مغرب کے امیر ترین ملک پاکستان ایسے ملکوں میں موسمی تبدیلیوں سے جنم لینے والے ہلاکت خیز سانحات کا نقصان بھرنے یا اِن ممالک کی مالی تلافی(Compensation) کرنے سے بھی انکاری ہیں ۔

برسوں سے فطرت کے ساتھ انسان جو کھلواڑ کرتے آرہے ہیں ، اب قدرت ہم سے انتقام لے رہی ہے ۔ سوال مگر یہ ہے کہ فطرت کا انتقامی ہدف ہم ہی کیوں؟ دوسری طرف دیکھا جائے تو یہ منظر بھی کھلتا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ نے خیبر پختونخوا میں جو حالیہ تباہیاں پھیلائی ہیں، یہ اِس امر کی بھی نشاندہی کررہی ہیں کہ خیبر پختونخوا حکومت ، این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے بالکل ناکام اور نااہل ثابت ہُوئے ہیں ۔ انھیںملنے والے کروڑوں، اربوں روپے کے فنڈز کھُوکھاتے میں چلے گئے ہیں ۔ بے بس اور بیکس پاکستانی عوام کس کے سامنے جا کر فریاد کریں؟ وہ بے بسی میں بس سینہ کوبی کر سکتے ہیں یا آنسو بہا سکتے ہیں: ماڑے دا کیہ زور محمد، نَس جانا یا رونا!

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: خیبر پختونخوا میں خیبرپختونخوا میں سیلابی پانیوں کلاو ڈ برسٹ بادل پھٹنے ہونے والے ہلاکت خیز یہ ہے کہ کے ساتھ رہے ہیں سے بھی کے لیے گیا ہے

پڑھیں:

گلگت بلتستان: کتیشو میں کلاؤڈ برسٹ، 20 غیر ملکی کوہ پیما اور 40 سے زائد مقامی ہائی پورٹرز پھنس گئے

گلگت(نیوز ڈیسک) گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ کے بالائی گاؤں کتیشو میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہ کن سیلابی ریلہ گاؤں میں داخل ہوگیا۔ سیلاب کے پانی کی زد میں آکر ماں اور بیٹی لاپتہ جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیؐ۔ مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب ضلع گانچھے کے سیاحتی علاقے ہوشے میں رابطہ پل بھی سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا، جس کے باعث آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

ڈپٹی کمشنر گانچھے کے مطابق پل ٹوٹنے سے 20 غیر ملکی کوہ پیما اور 40 سے زائد مقامی ہائی پورٹرز پھنس گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق بعض غیر ملکی کوہ پیماوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ باقی کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

سیلاب سے رابطے کے ذرائع متاثر ہونے پر علاقے میں امدادی سرگرمیوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

Post Views: 8

متعلقہ مضامین

  • مری میں کلاؤڈ برسٹ کا خطرہ
  • گلگت بلتستان: کتیشو میں کلاؤڈ برسٹ، 20 غیر ملکی کوہ پیما اور 40 سے زائد مقامی ہائی پورٹرز پھنس گئے
  • آئندہ تین سے چار ہفتے میں مزید کلاؤڈ برسٹ ہو سکتے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے
  • کلاؤڈ برسٹ، ریلے، لینڈ سلائیڈنگ، خیبر پی کے میں تباہی 282 افراد جاں بحق
  • خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ کے پیش نظر پنجاب میں بھی الرٹ جاری
  • کے پی میں زیادہ تر ہلاکتیں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے سیلاب سے ہوئیں: ڈی جی پی ڈی ایم اے
  •   کلاؤڈ برسٹ کیا ہے؟ اسکی پیشگوئی ممکن کیوں نہیں؟
  • سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ، بونیر میں سب سے زیادہ 157 ہلاکتیں ہوئیں
  • خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تباہی کے مناظر