سلمان اکرم راجہ کا پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 25th, August 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور ممتاز قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ پارٹی عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے رسمی طور پر عہدہ واپس لینے کی درخواست کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اگرچہ وہ تنظیمی ذمہ داریاں چھوڑ رہے ہیں، تاہم وہ اپنی خدمات بطور وکیل اور قانونی معاون بدستور بغیر کسی معاوضے کے جاری رکھیں گے۔
ان کے اس فیصلے کو پارٹی میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے اپنی وابستگی اور اصولی حمایت کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیئرمین پی ٹی اے کو ہٹانے کا حکم، فیصلہ چیلنج
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ چیئرمین پی ٹی اے کی تعیناتی قانونی طور پر درست نہیں ہوئی لہٰذا چیئرمین پی ٹی اے کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پی ٹی اے میں سینیئر ممبر کو چیئرمین پی ٹی اے عارضی طور پر تعینات کیا جائے۔ جسٹس بابر ستار نے 99 صفحات پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ دریں اثناء چیئرمین پی ٹی اے نے عہدے سے ہٹائے جانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چلینج کردیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنے کام انجام دے رہے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اس اپیل کو تقرری قانونی ثابت کرنے کیلئے دائر کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے عدالت سے اپیل کو فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔