پشاور میں موسلادھار بارش سے بدھنی نالے میں طغیانی، پانی گھروں میں داخل
اشاعت کی تاریخ: 2nd, September 2025 GMT
پشاور:
پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش اور طغیانی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہوگیا۔
پشاور کے بدھنی نالہ کے آس پاس علاقوں میں پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے پانی گھروں کے اندر داخل ہوا جس کے باعث لوگوں کے لاکھوں روپے کے نقصانات بھی ہوئے۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ بڈھنی نالے کی عدم صفائی کی وجہ سے جب بھی پانی زیادہ ہوتا ہے تو پانی گھروں کے اندر داخل ہوتا ہے جس سے ان کے لاکھوں روپے کے نقصانات ہوتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اگر بدھنی نالے کی صفائی اچھی کی جائے اور اسکے اردگرد پشتے ڈالے جائیں تو علاقہ پانی سے محفوظ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب متھرا، ریگی اور دیگر علاقوں میں بھی سیلاب کا پانی گھروں کے اندر داخل ہوا جس سے کافی نقصان ہوا ہے جبکہ گھروں کے گرنے کا اندیشہ بھی ہے۔
رہائشی علاقے ورسک روڈ، درمنگی اور ریگی لارما زیر آب آنے کا خطرہ ہے، ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کیا گیا۔
مساجد میں اعلانات بھی کروائے گئے، جس میں شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی۔
نشبیی علاقوں کے رہائشی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، بجلی کے کھمبوں اور زیر آب سڑکوں سے دور رہیں۔ ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
ڈب، جنجالی، جمعہ خان اور چورہ خوڑ میں سیلابی صورتحال سے ناصر باغ پشاور سے متصل دیہات متاثر ہوئے۔ حیات آباد پشاور میں نرے اور موڑو خوڑ، جبکہ ناصر باغ میں پلوسے خوڑ میں بھی طغیانی آگئی۔
پشاور میں ناصرباغ، بڈھنی، ریگی للمہ، ورسک روڈ، حسن گھڑی، شاھی بالا، ملازٸی اور میاں گجر کے علاقے متاثر ہوئے۔
وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی خیبر پختونخوا سیلابی صورتحال میں درکار اقدامات اٹھا رہا ہے، نہری رقبوں پر قاٸم تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لیں گے، محکمہ آبپاشی کی بروقت اقدامات کے نتیجے میں کوٸی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گھروں و املاک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق محکمہ آبپاشی کے حکام و ملازمین کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلیے الرٹ رہیں اور ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلیے بروقت و موثر ہم آہنگی یقینی بناٸی جائے۔
دوسری جانب، حفاظتی خدشات کے پیش نظر بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی سروس اگلی اطلاع تک مکمل طور پر بند رہے گی تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ صورتحال بہتر ہونے کے بعد سروس کی بحالی سے متعلق دوبارہ آگاہ کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پانی گھروں کے اندر داخل علاقوں میں
پڑھیں:
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 ستمبر ۔2025 )محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہنے کی توقع ہے.(جاری ہے)
اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک اور چکوال میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے لاہور، سیالکوٹ، خوشاب، سرگودھا، نارووال، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاﺅ الدین، گجرات، قصور اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے خیبرپختونخوا کے علاقے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بارش ہونے کی توقع ہے مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے. آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواﺅ ں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر بارش جبکہ کراچی میں بوندا باندی ہوئی.