کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون سے آپریشن، کئی ٹھکانے تباہ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے کچے کے علاقے “کچہ رونتی” میں پولیس نے مغوی افراد کی بازیابی کے لیے ڈاکوؤں کے خلاف بڑا ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا، جس میں جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، آپریشن کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا اور ڈرونز کے ذریعے سرپرائز حملے کیے گئے۔ یہ حملے ایسے جزیرہ نما علاقوں میں کیے گئے جہاں ڈاکوؤں نے محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی تھیں۔ ڈرونز کی مدد سے ان پناہ گاہوں کو ہدف بنا کر کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے بتایا کہ آپریشن اب بھی جاری ہے اور ڈاکوؤں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا عزم ہے کہ مغویوں کو ہر صورت بازیاب کرایا جائے گا اور علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب پولیس نے بھی اس حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم قانون شکن عناصر کے خلاف پوری طاقت سے کارروائی کر رہے ہیں۔ ڈاکوؤں کے خلاف نہ صرف جدید اسلحہ بلکہ ڈرون ٹیکنالوجی جیسے موثر ہتھیار بھی استعمال میں لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور مجرموں کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔
یہ آپریشن پنجاب پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک اہم مثال ہے، جس کا مقصد کچے کے دشوار گزار علاقوں میں چھپے مجرموں تک مؤثر رسائی حاصل کرنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی، پوش علاقے کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے مرد و خاتون کی لاشیں برآمد
کراچی:کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سی ویو کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی درخشاں تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد اکھٹے کیے گئے۔
پولیس کے مطابق لاشیں سی ویو اپارٹمنٹ کے بلاک 28 کی پارکنگ میں کھڑی سفید رنگ کی پراڈو گاڑی سے ملی ہیں۔
ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج کے مطابق مرد کی شناخت شہباز ملک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ خاتون کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ابتدائی طور پر دونوں کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔