کراچی میں پراسرار واقعات، ایک خاتون جاں بحق، ایک شخص زخمی
اشاعت کی تاریخ: 4th, September 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں پیش آنے والے دو الگ الگ پراسرار واقعات میں نوجوان خاتون زہریلی چیز کھانے سے جاں بحق ہو گئی، جبکہ دوسرے واقعے میں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق پہلا واقعہ محمودآباد کے علاقے اعظم بستی، گلی نمبر چار میں پیش آیا جہاں 22 سالہ انیلہ نامی خاتون پراسرار طور پر زہریلی چیز کھانے کے باعث جاں بحق ہو گئی۔
لاش کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ خودکشی، حادثہ یا قتل کی صورت بھی اختیار کر سکتا ہے، ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسرا واقعہ پاک کالونی کے علاقے حسرت موہانی محلہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم سمت سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 34 سالہ سلمان نامی شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مناواں، دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، ایک جاں بحق، تین راہ گیر زخمی
لاہور:لاہور کے علاقے مناواں اعوان ڈھائے والا میں دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خون میں نہا گئی، جہاں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 28 سالہ نوجوان فیاض جاں بحق جبکہ تین راہ گیر زخمی ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ قاضی علی رضا بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات کا جائزہ لیا۔
زخمی افراد کی شناخت لیاقت، وقاص اور ایک نامعلوم شخص کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والے فیاض کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے اور واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔