کرغیزستان: نئے میڈیا قانون کے تحت دو صحافیوں کو قید کی سزا
اشاعت کی تاریخ: 18th, September 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 18 ستمبر 2025ء) کرغیزستان وسطی ایشیا کی سابق سوویت ریاستوں میں سب سے زیادہ جمہوری ملک مانا جاتا رہا ہے۔ لیکن عالمی حقوقِ انسانی اور صحافتی آزادی کے گروپوں نے میڈیا اور سول سوسائٹی پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق جس کی کاپی اے ایف پی کے پاس ہے، بدھ کے روز 'کلوپ‘ نامی آزاد میڈیا ادارے سے وابستہ دونوں کیمرہ مینوں کو ''ریاستی اہلکاروں کی نافرمانی پر اکسانے اور بڑے پیمانے پر ہنگامے برپا کرنے‘‘ کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا۔
بالخصوص مغربی ڈونرز کی مالی معاونت سے چلنے والا آزاد میڈیا ادارہ 'کلوپ‘ کرپشن کے کیسز پر رپورٹنگ کرتا ہے۔
(جاری ہے)
اسے گزشتہ سال ''حکومت پر شدید تنقید‘‘ کی بنیاد پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا لیکن یہ ادارہ اب بھی کام کر رہا تھا۔
کرغیز صدر جباروف نے خود کہا تھا کہ کلوپ ''کرغیزستان کو صرف نقصان پہنچاتا ہے۔‘‘
کلوپ کی جانب سے جاری کیے گئے عدالتی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ان دونوں کیمرہ مینوں نے ابتدائی طور پر جرم قبول کیا، لیکن بعد میں کہا کہ دباؤ کے تحت ان سے اعترافی بیان پر دستخط کروائے گئے۔
استغاثہ کے مطابق کلوپ حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ان پر جلاوطن صحافی بولوت تیمیروف سے روابط کا بھی الزام دیا گیا، جو یوٹیوب چینل پر کرپشن مخالف تحقیقات کرتے ہیں اور کرغیز حکام کے لیے ایک بڑا دردِ سر سمجھے جاتے ہیں۔
تاہم کلوپ نے کہا کہ مذکورہ کیمرہ مین تیمیروف کی ویڈیوز میں شامل نہیں تھے، اور خود صحافی نے بھی کہا کہ وہ ان پر اکیلے کام کرتے ہیں۔
رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے کلوپ کے صحافیوں کو خاموش کرانے کے لیے کرغیز حکام کے ''شرمناک ہتھکنڈوں‘‘ کی مذمت کی تھی۔
متنازعہ میڈیا قانونکرغیز صدر جباروف نے اگست میں ایک متنازعہ میڈیا قانون پر دستخط کیے تھے جو آزاد اداروں پر حکومتی کنٹرول بڑھاتا ہے۔ صحافیوں اور حقوق کے گروپوں نے اس پر تنقید کی تھی۔
اس قانون کے تحت تمام میڈیا، بشمول آن لائن پلیٹ فارمز، کو حکام کے ساتھ رجسٹریشن کرانا لازمی ہے اور غیر ملکی ملکیت 35 فیصد تک محدود کر دی گئی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ قانون اختلافِ رائے کو دبانے اور صحافتی آزادی کو کچلنے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔جباروف نے''غلط معلومات‘‘پھیلانے پر سزائیں بھی دینے کا قانون منظور کیا، جن میں میڈیا اداروں پر 740 ڈالر تک کے جرمانے شامل ہیں۔
حقوق کے گروپوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات آزادیِ اظہار کے بین الاقوامی معیارات کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
وسطی ایشیا میں کبھی صحافتی آزادی کا نسبتاً محفوظ ٹھکانہ سمجھے جانے والا کرغیزستان میں حالیہ برسوں میں میڈیا کی آزادی میں تیزی سے کمی آئی ہے، جس میں صحافیوں کی گرفتاری، قانونی دباؤ اور تنقیدی اداروں کی بندش شامل ہے۔
ادارت: صلاح الدین زین
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
ٹرمپ کی قانون شکنی اور لاپرواہی کا مقابلہ کریں، اوباما کا ڈیموکریٹس سے خطاب
کانگریس کے ریپبلکن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اوباما نے کہا کہ وہ ٹرمپ کی انتہاپسندانہ پالیسیوں پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ ٹرمپ غلط سمت میں جا رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما نے ڈیموکریٹس سے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قانون شکنی اور بے پروائی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اوباما نے ڈیموکریٹک ووٹروں پر زور دیا کہ وہ آئندہ ہفتے ہونے والے انتخابات میں ٹرمپ انتظامیہ کی بے قاعدگیوں اور عدم توجہی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ورجینیا اور نیو جرسی کے گورنر امیدواروں، ابیگل اسپین برگر اور میکی شریل کے لیے منعقدہ انتخابی جلسے میں ٹرمپ حکومت کے خلاف سخت تنقید کی۔
اوباما نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارا ملک اور ہماری سیاست اس وقت مکمل اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے، یہ جاننا بہت مشکل ہو گیا ہے کہ کہاں سے آغاز کیا جائے، کیونکہ روزانہ وائٹ ہاؤس میں ایسی غیر قانونی، غیر محتاط، ظالمانہ اور دیوانیانہ حرکتیں کی جا رہی ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی غیر واضح محصولات (ٹریف) پالیسیوں اور مختلف شہروں میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اوباما نے کانگریس کے ریپبلکن رہنماؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ ٹرمپ کی انتہاپسندانہ پالیسیوں پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ ٹرمپ غلط سمت میں جا رہا ہے۔ اوباما نے کہا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ کاروباری رہنما، وکلا کی فرمیں، اور یونیورسٹیاں ٹرمپ کو راضی کرنے کے لیے کس قدر تیزی سے اس کے سامنے جھک گئیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ٹرمپ اس وقت روز گارڈن کی تزئین و آرائش اور 300 ملین ڈالر کے اخراجات پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ حکومت کو بند ہوئے ایک ماہ سے زیادہ گزر چکا ہے۔
اوباما نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ 47 ملین سے زیادہ امریکی، جن میں ہر پانچ میں سے ایک بچہ شامل ہے، غذائیت بخش خوراک تک قابلِ اعتماد اور سستی رسائی سے محروم ہیں، زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث مزید خاندان خوراک کے لیے فوڈ اسٹیمپ (کوپن) پروگرام پر انحصار کر رہے ہیں، فوڈ اسٹیمپ پروگرام کم آمدنی والے خاندانوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
اوباما نے یاد دلایا کہ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں اس پروگرام تک رسائی پر پابندیوں اور اصلاحات کی تجاویز سامنے آئیں جنہیں ڈیموکریٹس اور سماجی کارکنوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اوباما ماضی میں بھی کئی بار ٹرمپ کی سماجی و فلاحی پالیسیوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے سماجی تحفظ کے اقدامات کو برقرار رکھنے اور مضبوط بنانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ امریکہ کے دو مرتبہ منتخب ہونے والے صدر باراک اوباما اب بھی ڈیموکریٹس کے درمیان بے حد مقبول ہیں، اور ان کے ٹرمپ مخالف بیانات امریکی عوام کی رائے پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔