Jasarat News:
2025-09-20@01:21:50 GMT

دوحا اجلاس،کھودا پہاڑ نکلی مذمت

اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

250920-03-4

 

عارف بہار

قطر میں حماس کی قیادت پر حملوں نے عرب ملکوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ اعتراض حماس کے لیڈروں کو نشانہ بنانے پر نہیں کیونکہ ماضی میں اسرائیل کئی عرب ملکوں میں فلسطینی راہنماؤں کو مختلف انداز میں نشانہ بناتا رہا ہے معاملہ یہ تھا کہ اسرائیل نے ایک آزاد عرب ملک کی فضائی حدود کیوں پامال کیں۔ یہی وہ نکتہ تھا جو او آئی سی ملکوں کو سرجوڑنے پر مجبور کرنے کا باعث بنا۔ قطر میں امریکی ائر بیسز موجود ہیں۔ قطر کے دفاع کا امریکا ضامن ہے مگر صدر ٹرمپ بہت بھولپن کے ساتھ کہتے ہوئے پائے گئے کہ اسرائیل نے قطر پر حملے سے پہلے اعتماد میں نہیں لیا۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ جس ملک میں امریکا کے تزویراتی اثاثے مادی اور انسانی شکل میں موجود ہوں اس پر حملہ کرنے سے پہلے اسرائیل امریکا کی رضامندی نہ لے۔ کچھ ایسے ہی بھولپن کا مظاہرہ قطر کے وزیر اعظم نے یہ کہتے ہوئے کیا کہ ہمیں اسرائیل نے دھوکا دیا۔ اسرائیل اسی طرح عرب ملکوں کو دھوکا دیتا چلا آرہا ہے۔ اسرائیل نے عرب حکمرانوں کو ہمیشہ یہ باور کرایا ہے کہ ان کی جنگ تو دہشت گردوں اور اسرائیل مخالف دہشت گردوں کے خلاف ہے، عرب حکمرانوں سے نہیں۔ پھر یہ نقطہ ایک دائرہ بنا اور کہا گیا ہماری جنگ صدام اور حافظ الاسد جیسے اسرائیل مخالف عربوں سے ہے۔ پھر سنی دنیا کو کہا گیا کہ ہماری جنگ شیعہ ایران سے ہے۔ جب جب اسرائیل نے یہ یقین دلایا سب نے آنکھیں بند کرکے یقین کر لیا اور خاموشی یا خاموش معاونت سے اسرائیل کے اقدامات کو ایک راہ دی جاتی رہی۔ اب اس آگ شعلے ایسے عرب ملکوں کے دامن کی جانب بھی لپکنے لگے جو بین الاقوامی سسٹم کے احترام میں اسرائیل کے ساتھ خوش گوار تعلقات بھی رکھتے ہیں اور امن کی کوششوں کے لیے سہولت کاری بھی کرتے ہیں۔

قطر ان ملکوں میں سر فہرست ہے جو امریکا اور طالبان کے درمیان سہولت کاری بھی کرتا ہے اور اسرائیل اور حماس کے درمیان بھی معاملات کو سلجھانے کی کوشش کرتا ہے۔ ایسے میں قطر کی سرزمین پر حماس کی قیادت کو نشانہ بنانا عرب دنیا کے لیے اچنبھے کا باعث تھا۔ شاید اکثر کو یقین ہی نہیں تھا کہ غزہ کے قتل عام میں مصروف اسرائیل کبھی ان کی جانب بھی میلی آنکھ سے دیکھے گا۔ اس سے پہلے مسلم حکمران غزہ کا تماشا دیکھتے رہے۔ وہ رقص بسمل سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

غزہ عہد ِ حاضر کی سب سے بڑی قتل گاہ بن چکا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے اب تک 65 ہزار افراد جن میں بڑی تعداد میں بچے ہیں شہید ہو چکی ہے۔ ہزاروں لوگ بے خانماں ہو کر نقل مکانی کرچکے ہیں۔ چہار سو ملبے کے ڈھیر ہیں جہاں کبھی پھول کھلتے اب وہاں دھول اْڑتی ہے۔ ایک سو پچاس مقامات کو بمباری سے کھڈرات میں تبدیل کر دیا ہے۔ یونیسف کے مطابق غزہ میں دس ہزار بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ ایک سروے میں کہا گیا کہ غزہ میں ہر آٹھ میں سے ایک بچہ غذائی قلت کا سامنا کر رہا ہے۔ ڈیڑھ لاکھ افراد غزہ چھوڑ کو جنوب کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔ غزہ کی اس صورت حال پر فیصلہ سازی پر حاوی دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ اسرائیل غزہ کا محاصرہ کیے ہوئے ہے اور مسلم حکمرانوں کو یہ محاصرہ توڑنے کی ہمت نہیں ہوسکی۔ حد تو یہ کہ مسلمان حکمرانوں نے اپنی رائے عامہ کو اہل غزہ کی زبانی کلامی حمایت سے بھی روک دیا۔ اس کی وجہ یہ خوف ہے اگر مسلم رائے عامہ میں اسرائیل مخالف جذبات بھڑک اْٹھے تو آگے چل کر یہ اپنے حکمرانوں کی اسرائیل نواز ی یا اسرائیل پروری کے خلاف نفرت کی لہر میں ڈھل سکتے ہیں۔ اس لیے مسلم معاشروں میں جذبات اور احساسات کو ایک حد میں رکھنے میں سب کی بقا ہے۔

مغربی ملکوں میں غزہ کے قتل عام پر احتجاج کی آزادی تھی مگر مسلمان معاشروں میں فلسطین کا جھنڈا لہرانا بھی جرم بنا دیا گیا تھا۔ مسلمان حکمرانوں کی حساسیت کا یہی لٹمس ٹیسٹ تھا کہ وہ اسرائیل کا ہاتھ روکنے یا توڑنے کے لیے کس حدتک جا سکتے ہیں۔ ایسے میں قطر کے اقتدار اعلیٰ کو اسرائیل نے چیلنج کیا تو خیال تھا کہ مسلم حکمران جب سرجوڑ کر بیٹھیں گے تو کئی انقلابی فیصلے کر کے الوداع ہوں گے مگر ہمیشہ کی طرح یہ خواہش بھی ’’اے بسا آرزو کہ خاک شدہ‘‘ کے انجام سے دوچار ہوگئی۔ مسلم حکمرانوں نے کوئی ٹھوس قدم اْٹھایا نہ ہی اسرائیل کو کوئی مسکت جواب دینے کی حکمت عملی اختیار کی گئی۔ لفظی مذمت سے کام چلا لیا گیا اور یوں یہ اجلاس بھی نشتند گفتند وبرخاستند کا عملی نمونہ قرار پایا۔ ناٹو طرز پر مسلم اتحاد کی باتیں بھی زیر گردش رہیں مگر نتیجہ صفر۔ ماضی میں چھتیس ملکوں کی فوج اور ایک عدد کمانڈر انچیف صاحب کی سرپرستی میں قائم ہوئی تھی۔ اس فوج کا غزہ میں کوئی سراغ نہ ملا۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکا اسرائیل کا سرپرست ہے۔ مسلم دنیا میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ امریکی اڈے ہیں۔ جہاں باضابطہ اڈے نہیں وہاں بھی دفاعی تعاون یا دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر مضبوط اتحاد قائم ہیں تو ایسے میں مسلم دنیا امریکا کے راج دلارے اور دنیا کے واحد اسٹرٹیجک شراکت دار اسرائیل کے خلاف کوئی ٹھوس قدم کیونکر اْٹھا سکتی ہے؟ پہلے اس زنجیر کا کچھ کرنا ہوگا پھر قدم بڑھائے جا سکتے ہیں۔ اس اجلاس پر کسی دل جلے کا یہ تبصرہ خوب رہا کہ کھودا پہاڑ نکلی مذمت۔

 

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: میں اسرائیل اسرائیل نے عرب ملکوں کے خلاف کے لیے تھا کہ

پڑھیں:

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کو نسل کا اجلاس،اسرائیل کے کڑے احتساب کا مطالبہ

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

250917-01-19
جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پاکستان سمیت دیگر ممالک نے قطر پر حملہ کرنے پر اسرائیل کے کڑے احتساب کا مطالبہ کردیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ فولکر ترک نے انسانی حقوق کونسل میں اس حملے پر ہونے والی ہنگامی بحث کے دوران کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون کی ایک چونکا دینے والی خلاف ورزی تھی۔انہوں نے اس حملے کو علاقائی امن اور استحکام پر حملہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی اموات پر احتساب کا مطالبہ کیا۔قطر اور درجنوں ممالک کے نمائندوں نے تین گھنٹے طویل بحث میں فولکر ترک کے مؤقف کی تائید کی۔قطری وزیر برائے بین الاقوامی تعاون مریم بنت علی بن ناصر المیسنَد نے اسرائیل کے غدارانہ حملے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری عملی اقدامات کرے تاکہ حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے اور انہیں استثنا نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ قطر کے کردار کو مسخ کرنے اور اس کی سفارتی کوششوں کو روکنے کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔پاکستانی سفیر بلال احمد نے خبردار کیا کہ یہ بلاجواز اور اشتعال انگیز حملہ صورتحال میں خطرناک بگاڑ پیدا کرے گا۔ اقوام متحدہ کی انسانی کونسل کا اجلاس پاکستان اور کویت کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔اسرائیل اور اس کے سب سے بڑے حامی امریکا نے اجلاس میں شرکت نہیں کی جو رواں سال کے آغاز ہی میں انسانی حقوق کونسل سے علیحدہ ہوگئے تھے لیکن جنیوا میں اسرائیلی سفیر ڈینیئل میرون نے اس اجلاس کو سائیڈ لائن سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ ’یہ انسانی حقوق کونسل کی جاری زیادتیوں کا ایک اور شرمناک باب ہے۔انہوں نے کونسل پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیل مخالف پروپیگنڈے کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہی ہے اور زمینی حقائق اور حماس کی بربریت کو نظر انداز کر رہی ہے۔یورپی یونین کی سفیر ڈائیکے پوٹزل نے یورپ کے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف اصولی مؤقف‘ پر زور دیا اور ساتھ ہی قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور اسرائیل پر بین الاقوامی قانون کا احترام کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو ثالثی کے چینلز اور علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔چین کے سفیر چن ڑو نے کہا کہ ان کا ملک 9 ستمبر کے حملے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ’مذاکراتی عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی دانستہ کوشش‘ تھی۔سب سے سخت تنقید جنوبی افریقا کی جانب سے سامنے آئی، جس نے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں نسل کشی کے الزامات کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔جنوبی افریقا کے سفیر مکزولسی نکوسی نے کہا کہ یہ حملہ ’ ثالثی کے عمل کی بنیاد پر وار‘ ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف اپنی نسل کشی کی جنگ ختم نہیں کرنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری عملی اقدامات کے ذریعے یہ واضح کرے کہ اسرائیل کو احتساب سے کسی خاص استثنا کا فائدہ حاصل نہیں ہے۔اجلاس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کے لیے سنجیدہ نہیں ہے،غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ بہت ہولناک ہے، غزہ میں جاری صورتحال اخلاقی، سیاسی اور قانونی اعتبار سے کسی طور قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے قطر کی جانب سے ثالثی کی کوششیں انتہائی اہم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں غزہ اور مغربی کنارے کی سنگین صورتحال سے متعلق عالمی فوجداری عدالت کوآگاہ کروںگا۔

متعلقہ مضامین

  • دوحا کانفرنس، غزہ کی بھوک اور فلسطینی بحران
  • مسلم حکمران اپنے مفادات اورامریکی خوف کے باعث اہل غزہ کی مددسے گریزاں ہیں
  • غزہ کی پکار
  • جی سی سی کا مشترکہ دفاعی اجلاس، اسرائیلی حملے کی مذمت، اجتماعی دفاعی اقدامات کا اعلان
  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے سے بھارت اور اسرائیل میں صف ماتم بھچی ہوئی ہے: مشاہد حسین سید 
  • اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کو نسل کا اجلاس،اسرائیل کے کڑے احتساب کا مطالبہ
  • مسلم حکمران زبانی بیانات کے بجائے اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات اور فوجی کارروائی کریں ، منعم ظفر خان
  • یورپی کمیشن کے آج ہونے والے اجلاس میں اسرائیل پر پابندیاں متوقع
  • یورپی یونین بڑا فیصلہ کرنے کو تیار: اسرائیل پر تجارتی پابندیاں متوقع