معروف اداکار عزیر عباسی انتقال کر گئے
اشاعت کی تاریخ: 30th, October 2025 GMT
پاکستان کے سینئر اور باصلاحیت اداکار عزیر عباسی انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے تک پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ رہے اور متعدد یادگار کردار ادا کیے۔
عزیر عباسی کو ڈرامہ سیریل انتقام میں رشید بابا کے کردار سے بےحد شہرت ملی، جس نے ناظرین سے زبردست پذیرائی حاصل کی، اُن کی عمدہ اداکاری اور خوبصورت اردو تلفظ نے اُنہیں مداحوں کے دلوں میں خاص مقام دلایا۔
اُن کے دیگر معروف ڈراموں میں کراچی ڈویژن (2021)، باشو (2023)، ہیر رانجھا (2012) اور کھلونا شامل ہیں۔
عزیر عباسی کا تعلق ایک فنکار گھرانے سے تھا، اُن کے بڑے بھائی زبیر عباسی معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے، جبکہ وہ مشہور اداکار شمعون عباسی کے چچا تھے۔
اداکار شمعون عباسی نے اپنے چچا عزیر عباسی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ میرے پیارے چچا آج ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، براہِ کرم اُن کی مغفرت کے لیے سورۃ الفاتحہ پڑھیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیرِ اہتمام کیچ میں سیمینار کاانعقاد
کیچ (طارق محمود سمیر) ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیرِ اہتمام ضلع کیچ میں “معاشرتی ترقی میں بلوچ خواتین کا کردار” کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد ہوا جس میں معاشرتی، سماجی اور تعلیمی میدانوں میں بلوچ خواتین کے کردار کو سراہا گیا۔
سیمینار میں آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)، ارکانِ اسمبلی، مقامی سیاستدان، سول عمائدین، اساتذہ، ڈاکٹرز اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پینل ممبران نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ خواتین نے ہمیشہ معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ تعلیم، طب، بیوروکریسی، سیکیورٹی، سیاست اور انتظامی امور سمیت ہر شعبے میں بلوچ خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے بلوچ خواتین کے ابھرتے ہوئے کردار کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور قیادت میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرتی ترقی ایک مسلسل ارتقائی عمل ہے اور بلوچ خواتین اس عمل میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بلوچ خواتین اپنی محنت، عزم اور صلاحیتوں کے باعث قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے بلوچستان میں خواتین کی تعلیم و ترقی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی اس مثبت کاوش کو سراہا۔