ہوٹل میں شلوار قمیص والوں کو سروس نہ دینے کا کیس: فریقین کے دلائل مکمل، فیصلہ 2 اکتوبر کو سنایا جائے گا
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
کراچی جنوبی کی کنزیومر کورٹ میں مقامی ہوٹل میں قمیض شلوار پہن کر آنے والوں پر پابندی کے کیس میں درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فریقین کے وکلاء نے دلائل مکمل کر لیے۔
عدالت کے مطابق درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ 2 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں اپنے مؤقف اپنایا کہ ہوٹل مالک کے وکیل کے اعتراضات بے بنیاد ہیں، جب ٹرائل شروع ہو گا تو تمام شواہد پیش کریں گے، سروس دینے سے انکار کی شکایت کنزیومر ایکٹ کے تحت سنی جاسکتی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ ہم قمیص شلوار والے گاہک کو سروس نہیں دے سکتے۔
درخواست گزار کے وکیل نے اپنے مؤقف میں مزید کہا کہ لیگل نوٹس کی وصولی کی رسید اور کوریئر سروس کا میسج میرے پاس موجود ہے۔
اس پر ہوٹل کے مالک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں لیگل نوٹس وصول نہیں ہوا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کے وکیل
پڑھیں:
کوہستان اسکینڈل: پشاور ہائیکورٹ کا اعظم سواتی کو دس دن تک گرفتار نہ کرنے کا حکم
پشاور:پشاور ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کو دس دن تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس انعام اللہ خان نے اعظم سواتی کی نیب نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
اعظم سواتی کے وکیل بیرسٹر وقار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نیب اپر کوہستان اسکینڈل کی تحقیقات کر رہی ہے جس کی تحقیقات میں اعظم سواتی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کی گرفتاری کا خدشہ ہے تاہم وہ احتساب عدالت سے رجوع کرنا چاہتے ہیں لہذا اُنہیں مہلت دی جائے۔
عدالت نے ہدایت دی کہ درخواست گزار احتساب عدالت میں پیش ہوں اور نیب انکوائری جوائن کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ نیب درخواست گزار کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کرے اور اعظم سواتی کو دس دن تک گرفتار نہ کیا جائے۔
ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل نیب محمد علی نے کہا کہ نیب درخواست گزار کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کرے گا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔