برطانیہ کی جانب سے آج فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کیے جانے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 21st, September 2025 GMT
برطانوی حکومت کی جانب سے آج فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کیے جانے کا امکان ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کیئر سٹارمر آج فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے اعلان کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل جولائی میں انہوں نے کچھ شرائط رکھی تھیں کہ اسرائیل کو لازمی طور پر غزہ کی خوفناک صورتحال کو ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے اور جنگ بندی پر آمادہ ہونا ہوگا۔
وزیراعظم کیئر سٹارمر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو غزہ میں امداد کی بحالی کی اجازت دینا ہوگی اور مغربی کنارے کو ضم نہیں کرنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ شرائط پوری نہ ہوئیں تو برطانیہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا قدم اٹھائے گا۔
غزہ میں جاری فوجی کارروائی اور انسانی بحران کے ساتھ ساتھ، مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کے منصوبے بھی برطانوی حکومت کے لیے باعثِ تشویش ہیں، جسے وزراء دو ریاستی حل کے خاتمے کی کوشش سمجھتے ہیں۔
جنرل اسمبلی میں برطانیہ کی نمائندگی کرنے والے برطانوی نائب وزیرِ اعظم ڈیوڈ لامی نے کہا ہے کہ ”فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا مغربی کنارے میں جو سنگین توسیع ہو رہی ہے، بستیوں کے تشدد اور نئے منصوبوں جیسے کہ ای ون ڈیولپمنٹ، جو دو ریاستی حل کے لیے خطرناک ہے، اس کا نتیجہ ہے۔“
دوسری جانب فرانسیسی صدر میکرون نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں فلسطین کے حوالے سے دو ریاستی کانفرنس سے متعلق بات چیت کی گئی ہے۔
صدر میکرون نے کہا ہے کہ 122 ممالک کا نیویارک اعلامیے کو اپنانا دو ریاستی حل کے لیے اہم موڑ ہے۔ ہماری کوششیں مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی کا راستہ نکال سکتی ہیں۔
سعودی عرب اور فرانس کل ٹو اسٹیٹ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کانفرنس عالمی برداری کو مزید متحرک کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
غزہ میں اسرائیل کی بمباری جاری
غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ 24 گھنٹوں میں مزید 34 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 208 ہوگئی ہے۔
غذائی قلت سے مزید چار افراد دم توڑ گئے ہیں۔ ادھر تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی شہری حکومت کے خلاف سٹرکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے صدر ٹرمپ سے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: فلسطین کو دو ریاستی کے لیے
پڑھیں:
پرتگال بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر تیار، برازیل اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت چلا گیا
لزبن(انٹرنیشنل ڈیسک) پرتگال نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پرتگال کی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ 21 ستمبر کو فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
پرتگالی وزیرِ خارجہ نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے تاہم اب وزارت خارجہ نے اعلان کر دیا ہے۔
یاد رہے فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیئم بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور اس کا باقائدہ اعلان رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متوقع ہے۔
ادھر برازیل بھی اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت چلا گیا ہے جس کے لیے برازیل نے غزہ میں نسل کشی رکوانے کے لیے فریق بننے کی درخواست دے دی ہے۔
برازیل حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کررہا ہے۔
عالمی عدالت کے مطابق برازیل نے یہ مداخلت آرٹیکل 63 کے تحت کی ہے، جو ان ریاستوں کو یہ حق دیتا ہے جو کسی ایسے کنونشن کی فریق ہوں جس کی تشریح عالمی عدالت انصاف کے سامنے زیر غور ہو۔
برازیل نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اس مقدمے میں مداخلت کا حق رکھتا ہے کیونکہ وہ سن 1948 کے نسل کشی کنونشن کا فریق ہے۔ اپنی پیش کردہ دستاویز میں، برازیل نے واضح کیا کہ عدالت کی جانب سے کنونشن کے آرٹیکل 1، 2 اور 3 کی جو تشریح کی جائے گی، وہ اہم قانونی نتائج کی حامل ہوگی، اور برازیل نے ان آرٹیکلز سے متعلق اپنا قانونی مؤقف بھی پیش کیا۔
عالمی عدالتِ انصاف کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں جو بھی تشریح عدالت کے فیصلے میں کی جائے گی، وہ برازیل پر بھی اتنی ہی لاگو ہوگی جتنی دیگر فریقین پر۔
عدالت نے جنوبی افریقہ اور اسرائیل دونوں کو دعوت دی ہے کہ وہ برازیل کی مداخلت پر آرٹیکل 83 کے تحت تحریری جوابات جمع کرائیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے 29 دسمبر 2023 کو اسرائیل کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں میں نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس مقدمے کے سلسلے میں عدالت پہلے ہی کئی عبوری احکامات جاری کر چکی ہے، جن میں اسرائیل کو نسل کشی کے ممکنہ اقدامات سے باز رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
برازیل ان متعدد ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو اس مقدمے میں مداخلت کر چکے ہیں۔ ان میں کولمبیا، میکسیکو، اسپین، ترکی، چلی، آئرلینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج نے زمینی آپریشن تیز کردیا ہے جس میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئی ہیں۔
فلسطینی محکمہ ڈیفنس کے مطابق غزہ سٹی سے اب تک چار لاکھ 50 ہزار فلسطینی نقل مکانی کر چکے ہیں۔ مجموعی تعداد چار لاکھ اسی ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے مزید 33 فلسطینی شہید اور 146 زخمی ہوگئے ہیں۔
جبکہ شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار200ہوگئی ہے اور 1 لاکھ 66 ہزار 70 زخمی ہیں۔
Post Views: 4