مودی نےسیاست بچانے کیلئےکرکٹ کی اسپرٹ تباہ کردی، خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایشیا کپ کے دوران بھارت کے غیر کھیلوں کے رویے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی نے اپنی سیاست بچانے کے لیے کرکٹ کی روح اور اسپرٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مودی کرکٹ کے کلچر اور روایتی اسپرٹ کو روند کر نہ صرف اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے بلکہ برصغیر میں امن اور تعلقات کی بہتری کے تمام امکانات بھی ختم کر رہا ہے۔ خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ عزت طاقت سے نہیں بلکہ بردباری اور کھیل کی روایات کے احترام سے بحال ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ کا اسکور 6-0 ہے جو تاریخ میں پتھر پر کندہ ہو چکا ہے، ہم تو خاموش ہیں لیکن دنیا دیکھ رہی ہے کہ مودی خود کو بھارت میں بھی رسوا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر بھی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے مسلسل کھیل کے آداب کی خلاف ورزی کی، پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، کپتانوں کی ٹرافی تصویر لینے سے انکار کیا اور آخر میں صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صاف انکار کر دیا۔ بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی اسٹیڈیم میں فائنل کی اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی اور بالآخر ٹرافی واپس لے جائی گئی۔ یہ صورتحال نہ صرف کھیل کی روح بلکہ علاقائی سفارتی ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اسی رویے پر قائم رہا تو کھیل سیاست کا شکار ہو کر اپنا مقصد کھو بیٹھے گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
زندگی بچانے والی ادویات: آئینی عدالت نے ڈریپ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
زندگی بچانے والی ادویات کی عدم دستیابی اور رجسٹریشن سے متعلق مقدمے کی سماعت وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ زندگی بچانے والی 41 ادویات کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی جن میں سے 30 ادویات رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں، تاہم اب بھی متعدد اہم ادویات کی دستیابی اور معلومات واضح نہیں ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ڈریپ نے گزشتہ سماعت میں ادویات کی دستیابی کا ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر فراہم کرنے کا کہا تھا، لیکن آج بھی کئی ادویات کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود نہیں۔
انہوں نے استدعا کی کہ ویب سائٹ کا ڈیٹا باقاعدگی سے اپڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ عوام کو زندگی بچانے والی ادویات کی موجودگی کے بارے میں درست معلومات دستیاب رہیں۔
سماعت کے دوران آئینی عدالت کے طلب کرنے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان بھی پیش ہوئے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار عوامی مفاد کا مقدمہ لے کر آیا ہے، حکومت کو چاہیے کہ ادویات کی فراہمی کے نظام کا ازخود جائزہ لے کراس میں بہتری لائے۔
ڈریپ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شوگر سمیت مختلف ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جارہا ہے جبکہ زندگی بچانے والی ادویات سے متعلق معلومات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
تاہم عدالت نے ڈریپ سے ادویات کی دستیابی پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ادویات چیف جسٹس امین الدین خان ڈریپ ڈیٹا عدم دستیابی ویب سائٹ