کوئٹہ میں خودکش حملہ، پشین اسٹاپ کے قریب 10 افراد شہید، 26 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ پر ہونے والے خودکش حملے نے شہر کو خوف و ہراس میں مبتلا کردیا۔پولیس کے مطابق دھماکا دوپہر بارہ بجے کے قریب ہوا جس میں دو ایف سی اہلکاروں سمیت دس افراد شہید اور چھبیس زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ فورسز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں بچانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
دھماکے کے بعد شہر کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق تمام ڈاکٹرز، کنسلٹنٹس، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوراً طلب کرلیا گیا تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں زور دار دھماکے کے بعد شعلے بلند ہوتے اور قریبی گاڑیاں تباہ ہوتی نظر آتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کی جانب سے کیا گیا۔ پہلے ایک گاڑی دھماکے سے اڑائی گئی اور اس کے بعد چار مسلح دہشتگردوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے لیکن کوئی بھی عمارت کے اندر داخل نہ ہوسکا۔ اس دوران دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے انتہائی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور لواحقین کے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: کے مطابق ایف سی کے بعد
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 2 زخمی
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
کیماڑی کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب اسنوکر کلب پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نور اللّٰہ نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو ہتھیار استعمال ہوئے اور پندرہ فائر کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول نے دوسری شادی کر رکھی تھی اور پہلی بیوی سے تنازع چل رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ حسین آباد چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
تیسرے واقعے میں کورنگی گودام چورنگی کے قریب ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس اہلکار کانسٹیبل عثمان زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق کانسٹیبل نے ایک ملزم کو پکڑ لیا تھا کہ اس کے ساتھی نے فائرنگ کردی، عثمان کو ٹانگ پر گولی لگی تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔