لاہور کے پوش علاقے میں مخالفین کی فائرنگ سے نوجوان قتل
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
—فائل فوٹو
لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 9 میں دیرینہ عداوت پر مخالفین نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل جبکہ اس کے ڈرائیور کو زخمی کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
تھانہ ہیئر میں درج ایف آئی آر کے مطابق 29 سالہ احمد جاوید ڈی ایچ اے گیا ہوا تھا، واپس گھر نہ آنے پر ورثاء تلاش کرتے ایک گھر پہنچے تو 2 ملزمان ابوبکر اور عبدالستار 5 نامعلوم ملزمان کے ہمراہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو رہے تھے، گھر کے اندر جا کر دیکھا تو احمد جاوید اور اس کا ڈرائیور سہراب فاروق زخمی پڑے تھے، اسپتال لے جاتے ہوئے احمد جاوید دم توڑ گیا۔
پولیس نے مقتول احمد جاوید کے والد میاں عادل رشید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: احمد جاوید
پڑھیں:
ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کی کارروائی، مختلف شہروں سے ملزمان گرفتار
ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے شیخوپورہ اور سیالکوٹ سے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 انتہائی مطلوب اشتہاری گرفتار کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں شاہد عمر اور شیخ محمد خرم شامل ہیں۔
ملزمان نے شہریوں کو آسٹریلیا اور سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 22 لاکھ 20 روپے ہتھیائے۔
ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔ ملزم شیخ محمد خرم 2 مقدمات میں ایف آئی اے لاہور زون کو مطلوب تھا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے.