’قوم نے ہر آفت کا مقابلہ اتحاد و حوصلے سے کیا‘، وزیراعظم کا قومی استقامت کے دن پر پیغام
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی استقامت کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 8 اکتوبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں قومی عزم، یکجہتی اور استقامت کی روشن علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن 2005 کے اس تباہ کن زلزلے کی یاد تازہ کرتا ہے جس نے ملک بھر میں جانی و مالی نقصان پہنچایا، لیکن قوم نے اس آفت کا مقابلہ بے مثال اتحاد و یکجہتی سے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2005 کے زلزلے نے قوم کے اندر رواداری، ہم آہنگی اور ملی جذبے کو مزید مستحکم کیا، اور یہ جذبہ آج بھی ہماری اجتماعی طاقت کی بنیاد ہے۔
مزید پڑھیں:8 اکتوبر زلزلہ: جب قوم نے مصیبتوں کو عزم و ایمان سے شکست دی، صدر زرداری
انہوں نے کہا کہ رواں سال شدید مون سون اور سیلابی صورتحال کے باعث ملک میں ایک بار پھر جانی و مالی نقصان ہوا، لیکن عوام نے ایک مرتبہ پھر عزم و استقامت سے اس قدرتی آفت کا سامنا کیا۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں نے مؤثر حکمتِ عملی کے تحت ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں نمایاں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے حکومت کی اولین ترجیح جامع پالیسیوں کے ذریعے ان اثرات کو کم سے کم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:8 اکتوبر 2005 کا ہولناک زلزلہ: 20 سالوں میں بھی نقصان کا ازالہ نہ ہوسکا
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زلزلوں، بارشوں، گرمی کی لہروں اور دیگر ماحولیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) میں پیشگی اطلاع کا نظام فعال ہے، جسے مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: 8 اکتوبر : قیامتِ صغرٰی جو ہم بھول نہیں پائے
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان ملک کو موسمیاتی تغیرات اور قدرتی آفات کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں قومی سطح پر اتحاد، تعاون اور اجتماعی ہمت کے اس پیغام کی یاد دلاتا ہے جو پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
8 اکتوبر قومی استقامت کا دن وزیراعظم محمد شہباز شریف.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: 8 اکتوبر قومی استقامت کا دن وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
فیلڈ مارشل کا بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار
فوٹو: آئی ایس پی آرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کی جی ایچ کیو آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن خراب کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم ان کے ناپاک عزائم کو مسلح افواج کے مضبوط اور فیصلہ کن جواب اور عوام کے اتحاد سے ناکام بنادیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔