یوم سیاہ کے موقع پر سکردو میں انتظامیہ کے زیر اہتمام ریلی
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
مقررین نے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح ضلع سکردو میں بھی ضلعی انتظامیہ سکردو کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ (27 اکتوبر) کے موقع پر ریلی نکالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں ایڈمنسٹریشن کمپلیکس سکردو سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو مین شاہراہ سے گزرتے ہوئے محب چوک سکردو پہنچی، جہاں ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر سکردو نے کی۔ ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، تمام سرکاری محکموں کے افسران، طلباء، سول سوسائٹی کے نمائندگان، میڈیا اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 27 اکتوبر 1947ء کے اس سیاہ دن پر روشنی ڈالی جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا۔
مقررین نے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان کی حکومت و عوام ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقررین نے عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، تاکہ کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کشمیری عوام
پڑھیں:
بلوچستان میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھلی کچہری کا اہتمام، امن و امان کی صورتحال کا جائزہ
بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایف سی ہیڈکوارٹر ژوب میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی ایف سی نارتھ اور قبائلی عمائدین کے اشتراک سے ژوب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں کچہری میں سرکاری اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کھلی کچہری میں ژوب کے عوامی مسائل کے حل اور امن و ترقی کیلئے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے پر غور کیا گیا۔ آئی جی ایف سی نارتھ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ امن و اتحاد سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد رہ کر ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانی ہیں۔ علاقائی امن کے قیام اور امن برقرار رکھنے میں قبائلی عمائدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری عوامی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہے۔ امید ہے کہ حکومت بلوچستان مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔