یومِ سیاہ کے موقع پر حکومتِ سندھ کا بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یومِ سیاہ کشمیر پر کہا کہ 27 اکتوبر تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج نے کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف وادی پر قبضہ کیا۔تفصیلات کے مطابق شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ27 اکتوبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم عارضی ہوتا ہے مگر آزادی کی جدوجہد ابدی۔ کشمیری عوام نے کئی دہائیوں میں بے مثال قربانیاں دے کر یہ ثابت کیا کہ وہ اپنے حقِ خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا حوصلہ، صبر اور استقامت دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے مثال ہے۔ پاکستان کے عوام آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ہر عالمی فورم پر کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق ضرور ملے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کشمیری عوام
پڑھیں:
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر چلاس میں ایک منٹ کی خاموشی، تقریب اور ریلی
تقریب میں طلبہ، علمائے کرام، عمائدینِ علاقہ اور مختلف محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے فضا کو گرما دیا۔ اسلام ٹائمز۔ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر چلاس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف عالمِ دین مولانا مزمل شاہ جبکہ صدرِ محفل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیامر علی احمد تھے۔ تقریب میں طلبہ، علمائے کرام، عمائدینِ علاقہ اور مختلف محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے فضا کو گرما دیا۔ یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی بھی نکالی گئی، جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیامر علی احمد نے کی۔ ریلی ہائی سکول سے ریسٹ ہاؤس چوک تک نکالی گئی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوری طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر سے اپنی افواج واپس بلائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا تھا، ہے اور رہے گا، اور پاکستان کے عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ مہمانِ خصوصی مولانا مزمل شاہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر کا دن دنیا بھر میں یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، تاکہ کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کی مذمت اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔