افغان مہاجرین کیخلاف کارروائیاں تیز کر دی جائینگی، ڈی سی کوئٹہ
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
ڈی سی کوئٹہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ افغان شہریوں کی واپسی کے عمل کو انسانی ہمدردی، قانونی ضوابط اور حکومتی پالیسی کے مطابق انجام دے رہی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ ضلعی انتظامیہ نے افغان مہاجرین کے انخلاء کے تیسرے مرحلے کے دوران اب تک ضلع کوئٹہ سے 35 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو واپس ان کے وطن بھجوا دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت پر شروع کی گئی واپسی مہم کو مرحلہ وار منظم انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کوئٹہ میں بڑی تعداد میں افغان شہری کاروبار اور دیگر پیشوں سے وابستہ ہیں، جنہیں اپنے کاروباری اور گھریلو معاملات نمٹانے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ ڈی سی کوئٹہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ افغان شہریوں کی واپسی کے عمل کو انسانی ہمدردی، قانونی ضوابط اور حکومتی پالیسی کے مطابق انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی ترجیح یہ ہے کہ واپسی کا عمل پرامن، شفاف اور منظم ہو تاکہ کسی بھی فریق کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں افغان مہاجرین کی واپسی میں مزید تیزی آئے گی، جس کے لیے ضلعی سطح پر تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انتظامیہ نے سرحدی راستوں پر سہولتی مراکز بھی قائم کر دیئے ہیں۔ تاکہ رجسٹریشن، تصدیق اور سفر کے مراحل میں آسانی پیدا کی جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ یہ قومی مہم کسی رکاؤٹ کے بغیر کامیابی سے مکمل ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ جبکہ اب تک درجنوں غیر قانونی کیمپ بھی خالی کرائے جا چکے ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ضلعی انتظامیہ افغان مہاجرین کے مطابق
پڑھیں:
وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست مسترد، کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے: الیکشن کمشن
اسلا م آباد، کوئٹہ (وقائع نگار+آئی این پی )الیکشن کمشن آف پاکستان نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کی درخواست مسترد کر دی۔الیکشن کمشن نے وزیراعلی بلوچستان کی الیکشن التوا کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخاب شیڈول کے مطابق ہوگا، بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 28 دسمبر کو ہو گی۔الیکشن کمشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت آئین کے مطابق الیکشن کمشن اور دیگر اداروں کی معاونت کرے، تمام اداروں کی ہر ممکنہ معاونت کی جائے جنہیں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی ذمہ داری سونپی گئی۔تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ عملے کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں بلا تعطل پرامن پولنگ کو یقینی بنایا جائے۔ممبر الیکشن کمشن بلوچستان شاہ محمد نے اختلافی نوٹ لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سخت سردی کے باعث ووٹر ٹرن آئوٹ کم ہوگا، کوئٹہ میں لوگ سخت سردی کے باعث دوسرے اضلاع میں ہجرت کر جاتے ہیں۔ شاہ محمد نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بلدیاتی انتخابات انعقاد کیلئے سازگار نہیں ہے، کوئٹہ کے الیکشن امن و امان اور موسم کی صورتحال نارمل ہونے تک ملتوی کئے جائیں۔